پاکستان اور سری لنکاکا دو طرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے اور اعلیٰ سطح پر وفود کے تبادلوں پر اتفاق

کولمبو۔4فروری (اے پی پی):پاکستان اور سری لنکا نے قریبی تعاون پر مبنی دو طرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے اور اعلیٰ سطح پر وفود کے تبادلوں پر اتفاق کیا ہے۔ہفتہ کو وزارت خارجہ سے جاری بیان کے مطابق امور خارجہ کی وزیر مملکت حناربانی کھر نے کولمبو میں سری لنکا کے وزیراعظم دنیش گوناوردنا سے ملاقات کی۔ملاقات میں انہوں نے دوطرفہ اور عوامی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے اور تجارت، ادویہ سازی، تعلیم، سیاحت، ثقافت اور دفاعی شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔

سری لنکا کے صدر رانیل وکرما سنگے کے ساتھ ملاقات میں وزیر مملکت نے سری لنکا کی ترقی و خوشحالی کیلئے پاکستان کی نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا۔امور خارجہ کی وزیر مملکت حنا ربانی کھر نےسری لنکا کے وزیرخارجہ علی صابرے کے ساتھ ملاقات کی ۔انہوں نے باہمی تعلقات کے مختلف پہلوئوں پر تبادلہ خیال کیا اور دونوں ملکوں کے درمیان دوستانہ تعلقات کو وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔دونوں فریقوں نے اقوام متحدہ اور سارک سمیت مختلف بین الاقوامی فورمزپر تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

حنا ربانی کھر نے سری لنکا کی آزادی کے75 سال پورے ہونے کے موقع پر وزیرخارجہ صابرے کو مبارکباد دی۔امورخارجہ کی وزیرمملکت حنا ربانی کھر نے سری لنکا کے وزیر خارجہ کی دعوت پر سری لنکا کے 75ویں یوم آزادی کی تقریب میں بطور مہمان اعزاز شرکت کیلئے 3اور 4, فروری کو سری لنکا کادورہ کیا ۔سری لنکا 1948 میں برطانوی راج سے آزادی حاصل کرنے کے بعد اپنا 75واں قومی دن منارہا ہے۔