پاکستان ایک انچ بھی کشمیریوں کے حقوق سے پیچھے نہیں ہٹے گا، سکول بند کرنا ایک مشکل فیصلہ ہے، عوام کی صحت کی حفاظت ہماری اولین ترجیح ہے، وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود

اسلام آباد۔31مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا ہے کہ پاکستان ایک انچ بھی کشمیریوں کے حقوق سے پیچھے نہیں ہٹے گا، سکول بند کرنا ایک بہت ہی مشکل فیصلہ ہے، عوام کی صحت کی حفاظت ہماری اولین ترجیح ہے،پیٹرول کی قیمت کا براہ راست اثر مہنگائی پر ہوتا ہے، پوری کوشش ہے کہ رمضان میں اشیاء خورد و نوش کی قیمتوں میں اضافہ نہ ہو، پاکستان تحریک انصاف اپنے قائد وزیراعظم عمران خان کی زیر قیادت متحد ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو لکھے گئے اپنے خط میں بڑے واشگاف انداز میں یہ کہا ہے کہ جب تک کشمیر کے مسئلے کا منصفانہ حل نہیں ہو گا اس وقت تک دونوں ممالک کے درمیان دیرپا امن قائم نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے ساتھ ادویات کی تیاری کے لئے خام مال کی تھوڑی بہت تجارت تو کافی عرصے سے ہو رہی ہے، تجارت کوئی بھی ممالک اپنے مفاد کی خاطر کرتے ہیں، جغرافیہ تبدیل نہیں کیا جا سکتا، جہاں فائدہ ہوتا ہے وہاں مقامی تجارت تو کرنی ہوتی ہے لیکن میں یقین دلاتا ہوں کہ پاکستان کشمیریوں کے حقوق سے ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹے گا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پیٹرول کی قیمت کا براہ راست اثر مہنگائی پر ہوتا ہے، پیٹرول کی قیمت میں اضافے سے بہت سی چیزوں کی قیمتوں میں اضافہ ہو جاتا ہے، اس لئے یقیناً اگر پیٹرول کی قیمت کم ہوئی ہے تو اس سے مہنگائی میں فرق پڑے گا، اسی طرح چینی کی قیمت میں بھی کمی ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ درحقیقت مجموعی طور پر مہنگائی کم ہوئی ہے لیکن کھانے پینے کی اشیاء کی قیمتوں میں کمی نہیں ہوئی، اس لئے جب کھانے پینے کی چیزوں کی قیمتوں میں کمی ہوتی ہے تو اس سے عوام کو اطمینان بھی ہوتا ہے اور عوام یہ سمجھتی ہے کہ مہنگائی کم ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ رمضان میں اشیاء خورد و نوش کی قیمتوں کو کنٹرول میں رکھنا ایک بہت بڑا چیلنج ہوتا ہے، بعض دکاندار ذخیرہ اندوزی کرتے ہیں اور چیزوں کو مہنگے داموں فروخت کرتے ہیں، اس کا معاشی اور انتظامی عوامل کے ساتھ گہرا تعلق ہوتا ہے، اس سلسلے میں صوبائی حکومتوں اور دیگر انتظامیہ کو بھی اپنا اپنا کردار ادا کرنا ہوگا اور ہم پوری کوشش کریں گے کہ اشیاء خورد و نوش کی قیمتوں کو کنٹرول میں رکھیں۔ ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر شفقت محمود نے کہا کہ سندھ حکومت کی جانب سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ کراچی میں دو ہفتوں کے لئے مکمل لاک ڈائون کیا جائے لیکن میں سمجھتا ہوں کہ فی الوقت ایسی نوبت نہیں آئی کہ کراچی میں مکمل لاک ڈائون کیا جائے لیکن اگر کورونا وباء کے حوالے سے کراچی میں حالات مزید خراب ہوتے ہیں تو مکمل لاک ڈائون بھی کیا جا سکتا ہے، وزیراعظم عمران خان نے واضح کہا تھا کہ جہاں ہم نے لوگوں کو کورونا سے محفوظ رکھنا ہے وہاں ہم نے غریب، دیہاڑی دار اور مزدوروں کے بارے میں بھی سوچنا ہے تاکہ ان کا کاروبار اور زندگی چلتے رہیں، پاکستان کو وزیراعظم عمران خان کے اس فیصلے کا فائدہ یہ بھی ہوا کہ جہاں دنیا کے دیگر ممالک کی معیشت بہت زیادہ گری وہاں پاکستان کی معیشت بہتر رہی۔

انہوں نے کہا کہ سکول بند کرنا ایک بہت ہی مشکل فیصلہ ہے، پچھلے سال بھی کورونا وباء کی وجہ سے تعلیم کا بہت حرج ہوا ہے لیکن عوام کی صحت کی حفاظت ہماری اولین ترجیح ہے، اس کے لئے ضروری ہے کہ بچوں کو ایسی سرگرمیوں سے دور رکھا جائے جن کے دوران وہ ایک جگہ اکٹھے ہوتے ہیں۔