لاہور۔17جنوری (اے پی پی):پاکستان ریلویز پولیس نے سال2023 کے دوران بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ریلویز و دیگر قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف3401 مقدمات کا اندراج اور3913 ملزمان کو گرفتار کیا۔
ترجمان ریلوے پولیس کے مطابق ریلوے مٹیریل چوری کرنے والوں کے خلاف800 مقدمات درج کر کے 1047 ملزمان کو گرفتار کیا گیا اور تقریبا 04 کروڑ 77 لاکھ کی ریلوے پراپرٹی برآمد کی گئی ۔اسی طرح ریلویز اراضی پر ناجائز انکروچمنٹ کرنے والوں کیخلاف 927 مقدمات درج کرکے973 ملزمان کو گرفتارکیا گیا اور ریلویز اراضی پر ناجائز قابضین کے خلاف مشترکہ آپریشن عمل میں لا کر تقریبا 161.226 ایکٹر پر مشتمل6824.353 ملین روپے مالیت کی جگہ واگزار کروائی گئی،جس میں 76.369 ایکڑ کمرشل، 65.440 ایکٹر زرعی اور 19.417 ایکڑ رہائشی ریلوے اراضی شامل ہے۔
منشیات کے خلاف 200 مقدمات درج کئے گئے اور 202 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ کارروائی کے دوران 118 کلو منشیات اور 923 عدد شراب کی بوتلیں بھی برآمد کی گئیں۔ٹرینوں اور پلیٹ فارمز پر غیر قانونی ہاکرز کے خلاف 74 مقدمات کا اندراج کر کے 21000 روپے جرمانہ سرکاری خزانے میں جمع کروایا گیا۔سال 2023 میں120 کے قریب عدالتی اور پولیس مفروران کوگرفتار کیا گیا۔اسی طرح بذریعہ ٹرین غیر قانونی اسلحہ کی سمگلنگ کرنے والوں کیخلاف 97 مقدمات درج کئے گئے اور 97 ملزمان کو بھی گرفتار کیا گیا۔
سال2023 کے دوران ریلویز پولیس کےآٹھوں ڈویژن ہائے نے3401 مقدمات درج کئے۔اسی سلسلے میں پشاور ڈویژن میں571،راولپنڈی 526،لاہور 1009،مغلپورہ ورکشاپس 171، ملتان 466،سکھر 165، کراچی445 اور کوئٹہ ڈویژن میں48 مقدمات کا اندراج کیا گیا۔ملک بھر کے تمام بڑے ریلوے سٹیشنوں پر قائم ریلویز پولیس ہیلپ سینٹرز نے بھی سال2023 کے دوران بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے87 گمشدہ لڑکے اور 92 لڑکیوں کو بحفاظت بازیاب کروا کےورثا کے حوالے کیا، اسی طرح گھر سے بھاگے ہوئے 310 لڑکوں،190 لڑکیوں اور47 عورتوں کو قانونی تقاضوں کو پورا کرنے کے بعد ورثا اور ویلفیئر اداروں کے حوالے کیا گیا۔
اسکے علاوہ مسافروں کے2087 گمشدہ بیگ جن کی مالیت تقریبا2 کروڑ 10 لاکھ روپے بنتی ہے کو حقیقی مالکان کے حوالے کیا گیا۔15061 مسافروں کو فرسٹ ایڈ،وہیل چیئر اور اسٹیچر جیسی دیگر سہولیات بھی فراہم کی گئیں۔
واضح رہے کہ موجودہ آئی جی ریلویز پولیس کی سربراہی میں سال 2023 میں ریلویز پولیس کی کارکردگی سال 2022 کے برعکس شاندار اور نمایاں رہی ،جس میں گزشتہ سال کے مقابلے میں اضافی مقدمات کا اندراج کیا گیا جبکہ ریلویز حدود اور ٹرینوں میں جرائم کی روک تھام کے لئے تادیبی اقدامات بھی اٹھائے گئے۔