پاکستان پیپلز پارٹی مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے کشمیری عوام کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گی، سینیٹر روبینہ خالد

88

اسلام آباد۔27اکتوبر (اے پی پی):بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کی چیئرپرسن سینیٹر روبینہ خالد نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے کشمیری عوام کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گی۔ سینیٹر روبینہ خالد نے یوم سیاہ کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ مسئلہ کشمیر کا واحد قابل قبول حل اقوام متحدہ کی قراردادوں میں مضمر ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام کے دل کشمیری عوام کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔ سینیٹر روبینہ خالد نے 27 اکتوبر 1947 کو کشمیر کی تاریخ کا سیاہ ترین دن قرار دیا جب بھارت نے جموں و کشمیر پر فوجی قبضہ کیاتھا۔

انہوں نے کہا کہ آج کا دن بھارتی افواج کے ظلم و ستم کےآغاز کا دن ہے جو سات دہائیوں سے زائد عرصہ سے جاری ہے، بھارت نے اقوام متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے کشمیریوں کوان کے پیدائشی حق، حق خودارادیت سے محروم رکھا ہوا ہے ۔انہوں نے کہا کہ 5 اگست 2019 کو بھارت نے کشمیر کو خصوصی حیثیت دینے والے آرٹیکل 370 اور 35 اے کو منسوخ کردیا تھا،بھارت کا یہ اقدام نہ صرف بین الاقوامی قوانین بلکہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کی صریح خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے 2024 میں بھارت کے غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر میں انتخابات کو بھارتی حکومت کا غیر قانونی اقدام قرار دیا۔