پاکستان کا آئین ہرقسم کی مذہبی آزادی کی ضمانت فراہم کر تا ہے ، ہمیں تمام مذاہب کا احترام کرنا ہوگا ،وفاقی وزیر مذہبی امور

اسلام آباد۔31جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر مذہبی امور مفتی اعبدالشکور نے کہا ہےکہ اسلامی تعلیمات اورپاکستان کا آئین ہرقسم کی مذہبی آزادی کی ضمانت فراہم کرتے ہیں ، معاشرے کو تقسیم سے بچانے کےلئے ہمیں تمام مذاہب کا احترام کرنا ہوگا اور اسی طرح انتہا پسندانہ رویوں کا سدباب بھی کیا جاسکتا ہے، حج کو سستا اور با سہولت بنانا وزارت مذہبی امور کی اولین ترجیح ہے، ایئرلائنزکے ساتھ حج پیکج طے ہونے کے بعد ہی حج 2023 کی پالیسی کا اعلان کیا جائے گا۔

منگل کووزارت مذہبی امور کے زیر انتظام جبری طور پر مذہب کی تبدیلی کے عنوان سے ایک روزہ سیمینار سے خطاب اوربعد ازاں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگوکرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کے آئین نے مذہبی آزادی کی مکمل آزادی دے رکھی ہے، اسلام میں بھی کسی کو جبری طور پر مذہب تبدیل کرنے پر مجبورنہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ اظہار رائے کی آزادی سب کوحاصل ہے۔ انہوں نے تقریب کے شرکاء پر زور دیا کے سب کو ایک دوسرے کے مذہب کا احترام کرنا چاہئے۔

انہو ں نے کہا کہ خودکش حملہ آوروں کو ہم انتہا پسند کہتے ہیں مگرہم سب کو بھی انتہا پسندانہ رویوں سے اجتناب اور اپنے جذبات پرقابو رکھنا چاہئے تاکہ معاشرے میں کسی قسم کی تفریق پیدا نہ ہو۔ وزیر مذہبی امور نے کہا کہ ہم تمام مذاہب کے لوگوں کا احترام کرتے ہیں اور انہیں عزت دیتے ہیں ، قرآن حکیم میں بھی اللہ رب العزت نے ہمیشہ ساری انسانیت کو مخاطب کیا ، اس بناء پر ساری انسانیت یکساں ہے اور انسانیت تقسیم نہیں ہوسکتی، سب انسان برابر ہیں مگر ہمیں اپنے کردار کے ذریعے اپنے آپ کو دوسروں پر برتر ثابت کرنا ہوگا۔ انہوں نےکہا کہ نفرتوں سے دوررہنا ہے اورمحبتوں کو ایک دوسرے کے ساتھ بانٹنا ہے ۔

سیمینار کے تمام شرکاء برادریوں کا ایک حسین گلدستہ ہے۔ انہوں نے اس بات پر زوردیا کہ باہمی برداشت اور احترام کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتےہوئے انہو ں نے کہاکہ ڈی جی حج مکہ کی تعیناتی کے حوالے سے معاملہ عدالت میں ہے، ہم عدالتوں کا احترام کرتے ہیں، عدالت جو بھی فیصلہ کرے گی ، ہمیں منظور ہوگا، حج کی تیاریوں کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نےکہا کہ پورے زوروشور سے حج کی تیاریاں جاری ہیں ، میں نے گزشتہ دنوں سعودی عرب میں حج ایکسپو میں شرکت کی اورسعودی حکام کے ساتھ حج انتظامات کے حوالے سے طویل گفت وشنیدرہی ۔

انہوں نے کہاکہ حج کو سستا اوربا سہولت بنانا ہماری اولین ترجیح ہے ، ماضی میں بھی ہم نے حج کو سستا اور باسہولت بنانے کےلئے اپنا بھرپورکردارادا کیا ہے تاہم رواں سال ملکی معیشت اور زرمبادلہ کی روپے کے مقابلے میں قدرمیں اضافہ کی وجہ سے ہمیں مشکلات کا سامنا ہے اس کے باوجود ہم ایئرلائنز کے ساتھ حج پیکج کے حوالے سے بات چیت کررہے ہیں جب تک حج پیکج کا فیصلہ ہونے کے بعد ہی نئی حج پالیسی کا اعلان کیا جائےگا۔