پاک فوج ملک میں بارش،لینڈ سلائیڈنگ اور پانی کی نکاسی کیلئے سول انتظامیہ کے ساتھ مصروف عمل

پاک فوج ملک میں بارش،لینڈ سلائیڈنگ اور پانی کی نکاسی کیلئے سول انتظامیہ کے ساتھ مصروف عمل

اسلام آباد۔12جولائی (اے پی پی):پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کی ہدایات پر پاک فوج کے تمام کورہیڈکوارٹرز ملک کے مختلف حصوں میں بارش،لینڈ سلائیڈنگ اور پانی کی نکاسی کیلئے سول انتظامیہ کی بھرپور معاونت میں مصروف عمل ہیں۔ملک بھر میں حالیہ بارشوں سے پیدا ہونے والی صورتحارل بالخصوص ملک کے مختلف مقاما ت میں شدید بارشیں اور کئی مقامات پر اربن فلڈنگ کی صورتحال سے نمٹنے کیلئے پاک فوج کے تمام کور ہیڈ کوارٹرز کوخصوصی ہدایات جاری کیں گئی تھیں کہ بارشوں کی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے مکمل تیاری رکھیں اور ریسکیو ریلیف اور زیرِ آب علاقوں کو کلئیر کرنے کیلئے انتظامیہ کی بھرپور مدد کی جائے۔

کراچی میں 388ڈی واٹرنگ ٹیمز مسلسل زیر آب علاقوں میں ڈی واٹرنگ میں مصروف ہیں۔ پاکستان آرمی، پاکستان رینجرز سندھ، ایف ڈبلیو او اور این ایل سی کی ٹیمیں مسلسل انتظامیہ کی معاونت کر رہی ہیں۔راولپنڈی/اسلام آباد زیادہ سے زیادہ بارش21ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔ تمام دریائوں اور ندی نالوں میں پانی کا بہائو معمول کے مطابق ہے۔راولپنڈی کور مسلسل صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تیار ہے۔ خیبر پختونخواہ میں ٹانک اور صوابی میں فلیش فلڈنگ ہے۔

پشاور کور نے روڈ شندور چترال کو ٹریفک کے بہائو کیلئے کھولنے میں سول انتظامیہ کی مدد کی ہے۔ بلوچستان کے علاقےلسبیلہ میں 400افراد کو سیلابی پانی سے ریسکیو کیا گیا۔

کوئٹہ کور نے ہر ضلع میں ایک رابطہ آفسر مقرر کیا ہے جو کہ پی ڈی ایم اے اور سول انتظامیہ کے ساتھ آپریشن میں مصروف عمل ہے۔ گلگت بلتستان کے علاقے میں قراقرم ہائی وے، جگلوٹ سکردو روڈ اور بابو سر شاہرائیں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث بلاک ہو گئی تھیں جنہیں ایف ڈبلیو اور اور این ایچ اے نے ٹریفک کیلئے بحال کر دیا ہے۔ایف سی این اےٹروپس ضلع غذر میں سول انتظامیہ کی مدد مصروف عمل ہیں۔