اسلام آباد۔10جولائی (اے پی پی):پرائم منسٹر یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خان نے گولڈ میڈل جیتنے پر پاکستانی ویٹ لفٹرز کو مبارکباد دی ہے۔ بدھ کو اپنے ایک بیان میں پرائم منسٹر یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خان نے پاکستانی ویٹ لفٹرز سبل سہیل اور ویرونیکا سہیل کو جنوبی افریقہ میں ایشیا پیسیفک ویٹ لفٹنگ چیمپئن شپ میں شاندار کامیابی پر مبارکباد دی۔
ان دونوں نے اپنی غیر معمولی کارکردگی اور مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی اپنی کیٹگریز میں گولڈ میڈل جیتے، اس شاندار کارنامے سے قوم کا سر فخر سے بلند ہوا ہے اور پاکستان کے نوجوانوں کی حوصلہ افزائی ہوئی ہے۔رانا مشہود احمد خان نے کھلاڑیوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ سبل سہیل اور ویرونیکا سہیل کی جیت ہمارے نوجوانوں کی صلاحیتوں اور لگن کا منہ بولتا ثبوت ہے، ہم مزید کامیابیوں کو حاصل کرنے کے لئے ان کی حمایت اور انہیں بااختیار بنانے کے لئے پرعزم ہیں۔
وزیراعظم کا یوتھ پروگرام پاکستانی نوجوانوں کو مواقع اور وسائل فراہم کرنے کے لئے وقف ہے جس سے وہ مختلف شعبوں میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کر سکیں گے، یہ کامیابی پروگرام کی کامیابی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔