پرانی مچھلی منڈی کی بیرون شہر منتقلی کےخلاف درخواست پر رپورٹ طلب

105

لاہور۔24اپریل (اے پی پی):لاہور ہائیکورٹ نے لاہور کے اندورن شہر بھاٹی چوک سے پرانی مچھلی منڈی کو شہر سے باہر منتقل کرنے کے معاملے پر ضلعی انتظامیہ سمیت دیگر متعلقہ اداروں سے رپورٹ طلب کر لی۔جسٹس شاہد کریم نے شہری علی احمد کی درخواست پر سماعت کی۔درخواست گزار کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ نئی مچھلی منڈی کو دریائے راوی کے سیلاب زدہ علاقے میں منتقل کرنے کی تیاری کی جا رہی ہے، جو نہایت خطرناک اقدام ہے۔

ضلعی انتظامیہ کا کہنا تھا کہ پرانی مچھلی منڈی کو شہری مسائل کے باعث شہر سے باہر منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور روڈا کے علاقے میں نئی مچھلی منڈی بنانے کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔ درخواست گزاروں نے موقف اپنایا کہ اس اقدام سے شہریوں کو مزید مشکلات کا سامنا ہوگا اور موجودہ منڈی میں نکاسی آب اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی کو بہتر بنایا جانا چاہیے۔