پراپرٹی ویلیوایشن ٹیبل کا ازسر نو جائزہ لینے کے ایف بی آر کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہیں، سردار طاہر محمود

اسلام آباد۔16دسمبر (اے پی پی):اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کی قیادت نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی جانب سے ڈسٹرکٹ اسلام آباد کے لئے 8 دسمبر 2025 کو جاری کردہ پراپرٹی ویلیوایشن ٹیبل کی از سرنو جانچ اور اسے ملتوی کرنے کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے ایک بروقت اور کاروبار دوست قدم قرار دیا ہے۔ آئی سی سی آئی …

اسلام آباد۔16دسمبر (اے پی پی):اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کی قیادت نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی جانب سے ڈسٹرکٹ اسلام آباد کے لئے 8 دسمبر 2025 کو جاری کردہ پراپرٹی ویلیوایشن ٹیبل کی از سرنو جانچ اور اسے ملتوی کرنے کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے ایک بروقت اور کاروبار دوست قدم قرار دیا ہے۔

آئی سی سی آئی کے صدر سردار طاہر محمود نے منگل کو یہاں صنعت، تجارت اور رئیل اسٹیٹ سیکٹرز سے تعلق رکھنے والے مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ معطل شدہ ویلیوایشن ٹیبل میں اصل مارکیٹ ریٹ سے کئی گنا زیادہ ویلیو کی عکاسی ہوتی ہے جس نے تاجر برادری کے ساتھ ساتھ وفاقی دارالحکومت کے رہائشیوں میں خوف اور غیر یقینی کی کیفیت پیدا کر دی ہے۔

انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف، وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب اور چیئرمین ایف بی آر راشد محمود لنگڑیال کی مداخلت کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کا بروقت اقدام ملک کے بہترین معاشی مفاد میں کیا گیا اور سرمایہ کاروں اور سٹیک ہولڈرز کا اعتماد بحال کرنے میں مدد ملی ہے۔انہوں نے ایس آر او کو التوا میں رکھنے کے بجائے مکمل طور پر واپس لینے کا مطالبہ بھی کیا۔

سردار طاہر محمود نے اس بات پر زور دیا کہ ایف بی آر کا تازہ ترین فیصلہ واضح طور پر ظاہر کرتا ہے کہ کاروباری برادری کی تعمیری شمولیت اور اتحاد مثبت اور عملی نتائج کا باعث بن سکتا ہے۔ انہوں نے تاجروں اور صنعت کاروں پر زور دیا کہ وہ بزنس فرینڈلی کاروبار کے ماحول کے حصول کے لئے متحد رہیں جو ان کے بقول معاشی استحکام اور پائیدار ترقی کے لئے بہت ضروری ہے.

انہوں نے اس ا مید کا اظہار کیا کہ کاروبار کو متاثر کرنے والی تمام پالیسیاں اور فیصلے اب تاجر برادری کے ساتھ قریبی مشاورت سے ہی کئے جائیں گے جسے انہوں نے پاکستان کی معیشت کا حقیقی انجن قرار دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ مشاورتی پالیسی سازی سے اعتماد بحال کرنے، سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی اور ٹیکس کی بنیاد کو وسیع کرنے میں مدد ملے گی۔

اس موقع پر سینئر نائب صدر طاہر ایوب اور نائب صدر عرفان چوہدری نے بھی نوٹیفکیشن ملتوی کرنے کے فیصلے پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ نہ صرف ایف بی آر بلکہ کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) اور دیگر متعلقہ سرکاری ادارے اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ مستقبل کے تمام فیصلے زمینی حقائق اور کاروباری برادری کے حقیقی تحفظات کو مدنظر رکھتے ہوئے کئے جائیں۔