پشاور ، چوکی سیفن میں فائرنگ کرکے کانسٹیبل عامر غلام کو شہید کرنے والا ملزم پولیس مقابلے میں ہلاک

140

پشاور۔ 31 جنوری (اے پی پی):پشاور کے مضافاتی علاقے بڈھ بیر میں چوکی سیفن میں فائرنگ کرکے کانسٹیبل عامر غلام کو شہید کرنے والا ملزم پولیس مقابلے میں ہلاک ہوگیا۔ کیپٹل سٹی پولیس پشاور کے مطابق سیفن چوکی میں زیر حراست ملزم بیت الخلا کا بہانہ کرکے حوالات سے نکالنے پر محرر کے کمرے سے بندوق نکال کر پولیس اہلکار عامر غلام کو شہید کرکے فرار ہو گیا تھا۔

سی سی پی او سید اشفاق انور اور ایس ایس پی آپریشنز کاشف آفتاب عباسی نے واقعہ کانوٹس لیتے ہوئے ملزم کی گرفتاری کے لئے ایس پی صدر ڈویژن عبدالسلام خالد کی سربراہی میں ٹیم تشکیل دیکر ٹاسک حوالہ کیا۔ انٹیلی جنس بنیادوں پر ملزم کے ممکنہ ٹھکانوں پر رات گئے چھاپوں کا سلسلہ جاری رہا۔

خفیہ انفارمیشن ملنے پر علاقہ خونسلاک بابا میں ڈی ایس پی بڈھ بیر ضیاء اللہ ، ایس ایچ او تھانہ بڈھ بیر ناصر فرید خٹک پولیس ٹیم کے ہمراہ ملزم کی گرفتاری کیلئے موقع پر پہنچے تو ملزم نے پولیس پرفائرنگ شروع کر دی ، جس کے بعد پولیس کی جوابی فائرنگ میں ملزم ہلاک ہوگیا جس کے قبضے سے کلاشنکوف بھی برآمد ہوئی ہے۔