پنجاب میں صوبائی وزراء ضمنی الیکشن پر اثر انداز ہورہے ہیں، وفاقی وزیر تعلیم رانا تنویر حسین

Rana Tanveer Hussain
Rana Tanveer Hussain

اسلام آباد۔3اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ وہ انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا سوچ بھی نہیں سکتے، پنجاب میں صوبائی وزراء ضمنی الیکشن پر اثر انداز ہورہے ہیں۔ پیر کو الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پنجاب کے وزراء سرکاری افسران کی ٹرانسفر پوسٹنگ اور معطلی کررہے ہیں، یاسمین راشد سمیت کئی وزراء متحرک ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میں حلقے میں فاتحہ خوانی کے لئے گیا، صوبائی وزراء انتخابی حلقوں میں گیس پریشر کم اور بجلی کے جاری منصوبے رکوا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر بہترین کام کررہے ہیں، کچھ سیاسی جماعتوں کو چیف الیکشن کمشنر سے تکلیف ہے، ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر شیخو پورہ الیکشن کمیشن کے کردار کو خراب کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی پی 139 سمیت دیگر حلقوں میں بھی پنجاب حکومت مداخلت کررہی ہے۔

وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے کہا کہ حکومت کا کام ہے کہ اداروں کو متنازعہ بنانے والوں کے خلاف کاروائی کرے، سائفر کے معاملے پر تحقیقات کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آڈیو لیکس سے سائفر کا جھوٹ عیاں ہوگیا۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف سے عمران خان حکومت نے معاہدے کئے اور پھر خود خلاف ورزی کی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے مشکل حالات میں کام کیا، اسحاق ڈار نے آئی ایم ایف سے سیلاب کی صورتحال کے باعث نرمی کی بات کی ہے، سیلاب کے باعث دنیا پاکستان کے ساتھ ہے۔ وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے کہا کہ سائفر جعلی نہیں لیکن تحریک انصاف حکومت کا بیانیہ جعلی تھا، روزانہ سفارتخانے سائفر بھیجتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آڈیو لیکس کے بعد وزیراعظم ہاؤس کی سویپنگ ہوئی، جلد حقائق قوم کے سامنے آجائیں گے۔