پنجاب کے عوام نے عمران خان کا جھوٹ پر مبنی بیانیہ مسترد کر دیا،واضح شکست دیکھ کر بغیر کسی ثبوت کے دھاندلی دھاندلی کا راگ الاپا جا رہا ہے ، وزیر د خلہ پنجاب عطااللہ تارڑ کی پریس کانفرنس

پنجاب کے عوام نے عمران خان کا جھوٹ پر مبنی بیانیہ مسترد کر دیا،واضح شکست دیکھ کر بغیر کسی ثبوت کے دھاندلی دھاندلی کا راگ الاپا جا رہا ہے ، وزیر د خلہ پنجاب عطااللہ تارڑ کی پریس کانفرنس

لاہور۔17جولائی (اے پی پی):صوبائی وزیر داخلہ عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ پنجاب کے عوام نے عمران خان کا جھوٹ پر مبنی بیانیہ مسترد کر دیا،ضمنی الیکشن مجموعی طور پر پرامن رہا تاہم ایک شکست خوردہ ذہنیت کی حامل سیاسی جماعت کے غنڈوں نے امن خراب کرنے کی کوشش کی، لاہور میں پی ٹی آئی کے مسلح جتھوں کی جانب سے پولنگ اسٹیشن میں پرامن انتخابی عمل پر اثر انداز ہونے کی کوشش کی پرزور مذمت کرتے ہیں،گزشتہ روز لاہور سے ایک شخص ہزاروں شناختی کارڈز کے ساتھ پکڑاگیا ،گرفتار شخص کے پی ٹی آئی رہنما فرخ حبیب سے مبینہ روابط ہیں،شاہ محمود قریشی نے ملتان میں ایک نجی فیکٹری میں جا کر ووٹرز کی خریدوفروخت کی منڈی لگائی ،

عثمان بزدار کو سیاسی مہم میں شامل نہیں کیا گیا،عمران خان پرویزالٰہی کو وزیر اعلی پنجاب بنانے کے لیے مہم چلاتے رہے،واضح شکست دیکھ کر بغیر کسی ثبوت کے دھاندلی دھاندلی کا راگ الاپا جا رہا ہے ،قانون ہاتھ میں لینے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی،مہنگائی کم کرنے کے لیے تمام تراقدامات کویقینی بنایا جا رہا ہے۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار اتوار کے روز ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

صوبائی وزیر داخلہ نے کہا کہ صوبے بھر میں ضمنی انتخابات کا عمل پرامن طریقے سے جاری ہے تاہم ایک شکست خوردہ ذہنیت کی حامل سیاسی جماعت کے غنڈوں نے امن خراب کرنے کی کوشش کی جس کو ناکام بنا دیا گیا،الیکشن کمیشن اور حکومت کو مصدقہ اطلاعات تھیں کہ پاکستان تحریک انصاف واضح شکست دیکھ کر ضمنی الیکشن میں غنڈہ گردی کرنے کی کوشش کرے گی،کسی مسلح جتھے کو پولنگ سٹینشنزپر پولنگ کا عمل خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی ،

اگرکسی نے امن خراب کرنے کی کوشش کی تو اس کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ یہ الیکشن بہت اہمیت کا حامل ہے،تمام پولنگ سٹینشنز پر حا لا ت نارمل ہیں،ایک سیاسی یتیم جماعت نے الیکشن سے پہلے بڑی مہم چلائی لیکن چونکہ ان کے پاس کار کردگی کچھ بھی نہ تھی اس لیے عوام نے ان کے بیانیہ کو مسترد کردیا،اب وہ سیاسی یتیم تشدد پر اتر آئے اور دھاندلی دھاندلی کا رونا الاپنے لگے ہیں،

پی پی 158 میں جمشید چیمہ اور سعید مہیس نے مسلح جتھے پرتشدد رویہ کے ساتھ انتخابی عمل پر اثر انداز ہونے کی کوشش کی اور ایک کارکن کو زخمی کر دیا جس کی پرزور مذمت کرتے ہیں ،ہر شخص کو پولنگ سٹیشنز کے اندر داخلہ،رکاوٹیں کھڑی کرنا،جھگڑنا اور تلخ کلامی کرنے کی اجاز ت نہیں ہے،پرامن الیکشن کو یقینی بنانے کے لیے رولز کی پیروی کرنی پڑتی ہے،ان مسلح جتھوں کو روکنا حکومت کی ذمہ داری ہے،

تمام امیداوروں کو سرکاری سکیورٹی فراہم کی گئی ہے،پولیس کو ہدایت کی ہے کہ اگر کسی نے قانونی کی خلاف ورزی کی ہے تو اس کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے۔صوبائی وزیر داخلہ نے کہا کہ سیاسی جماعتیں ہمیشہ الیکشن سے پہلے ایک مثبت اور حوصلہ افزا کی فضا قائم کرتی ہیں تاکہ جب ان کے امیدوار میدان میں اتریں توایک اعتماد حاصل ہولیکن ایک شکست خوردہ ذہنیت جس کو پتہ ہو کہ وہ الیکشن نہیں جیت سکتی وہ اس قسم کے پرتشدد ہتھکنڈے استعمال کرتی ہے،

پی ٹی آئی کا چورچور ‘بین الاقوامی سازش ‘امپورٹڈ حکومت کا جھو ٹ پر مبنی بیانہ مکمل طور پر فیل ہو چکا ہے،اب دھاندلی کارونا رویا جا رہا ہے جس کو عوام نے مسترد کر دیا ہے۔عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ صوبے بھر میں ضمنی انتخابات میں کسی بھی جگہ دھاندلی کا کوئی واقعہ سامنے نہیں آیا تاہم گزشتہ روز لاہور سے ایک شخص ہزاروں شناختی کارڈ کے ساتھ گرفتار کیا گیا،اس گرفتار شخص کے مبینہ طور پر فرخ حبیب سے روابطہ کا انکشاف ہوا ہے،

اس گرفتار شخص کو میڈیا کے سامنے بھی پیش گیا ،اس حوالے سے پی ٹی آئی رہنمافرخ حبیب نے کوئی تردیدنہیں کی، اب تک10 مسلح افراد کو گرفتار کر کے اسلحہ ضبط کیا ہے،لودھراں میں بھی راولپنڈی کے مسلح لوگ موجود ہیں جب ان کا تعاقب کیا تووہ بہاولپورفرار ہونے میں کامیاب ہوگئے،پرامن ضمنی انعقاد کو یقینی بنانے کی حکومت کی ذمہ داری ہے جسے ہر ممکن طو ر پر یقینی بنایا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے 4 سال سیاسی مخالفین کی کردار کشی میں گزار دیے اور کوئی عوامی منصوبہ مکمل نہ کیا ،اس لیے اب وہ کسی منہ سے عوام کے پاس جا سکتے تھے

،لوٹ کے کھا گئے پاکستان پنکی گوگی اور بزدارنعرہ گلی گلی گونجھ رہا ہے،پوری انتخابی مہم میں عثمان بزدار کہیں نظر نہیں آئے ،عمران خان صرف پرویز الہی کو وزیراعلی بنانے کے لیے مہم چلاتے رہے، شکر ہے کہ فرح گوگی دوبئی فرار ہو گئی ورنہ پی ٹی آئی والے اسے عوامی جلسوں میں بھی لے آتے،اب بغیر کسی ثبوت کے دھاندلی کا رونا رویا جا رہا ہے۔صوبائی وزیرداخلہ نے کہا کہ شاہ محمود قریشی ملتا ن میں ایک نجی فیکٹر ی میں گئے اور دھاندلی کا ڈرامہ رچایاحالانکہ شاہ محمود نجی فیکٹری میں جا کر ووٹرز کی خر یدوفروخت میں مصروف تھے

،پاکستان تحریک انصاف کے ہاں جھوٹ کی بہت عزت اور جھوٹا ہونا ایک اعزاز کی بات ہوگی مگر ہمارے ہاں اس کو منافقت کہتے ہیں،اب پرا نا راگ اور پرانا سازنہیں چلے گا۔صوبائی وزیر داخلہ نے کہاکہ مسلم لیگ (ن) کو تمام حلقوں میں واضح برتری حاصل ہے،الیکشنز میں عموما صبح کے وقت ٹرن آوٹ زیادہ ریکارڈ نہیں ہوتا لیکن اللہ کے فضل سے ٹرن آوٹ بہت اچھا رہا اور ووٹرز میں جوش وخروش دیکھا گیا۔