پیپلزپارٹی سندھ تک محدود ہو چکی ہے، حکمرانوں نے سندھ کے خزانے اپنی تجوریوں میں بھر لئے ہیں اور عوام بنیادی سہولیات سے محروم ہیں، وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی

سکھر۔27فروری (اے پی پی):پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین اور وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی سندھ تک محدود ہو چکی ہے، حکمرانوں نے سندھ کے خزانے اپنی تجوریوں میں بھر لئے ہیں اور عوام بنیادی سہولیات سے محروم ہیں، صوبے میں لاقانونیت عروج پر ہے، باشعور اور خوددار لوگوں کو اب اپنی تقدیر کا فیصلہ کرنا ہو گا، صوبے کے عوام کے وسائل کو بے دردی سے لوٹا جا رہا ہے، نااہل اور کرپٹ حکمرانوں کو عوام کے حقوق پر مزید ڈاکہ نہیں ڈالنے دیں گے، خیبرپختونخوا اور پنجاب میں لوگوں کو صحت کارڈ کی سہولت میسر ہے، سندھی کیوں محروم ہیں، وفاق سندھ کے لوگوں کو بھی صحت کارڈ کی سہولت فراہم کرنا چاہتا ہے، پیپلزپارٹی سندھ حکومت بتائے کہ وہ راستے میں رکاوٹ کیوں بن رہی ہے؟۔

وہ ہفتہ کو سکھر میں سندھ حقوق مارچ کے شرکاءسے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی گزشتہ پندرہ سال سے سندھ میں برسر اقتدار ہے، سندھ کے وسائل کو جس بے دردی سے استعمال کیا جا رہا ہے وہ سب کے سامنے ہے اسلئے لوگوں کو اپنے مستقبل کے بارے سوچنا ہے، آج بلاول زرداری کہتے ہیں کہ وہ پاکستان کے مسائل کا حل لیکر وفاقی حکومت کے خلاف نکلیں گے، تو سب سے پہلے پاکستان کی عوام یہ جاننا چاہتی ہے کہ پندرہ سال سے آپ مسلسل برسر اقتدار ہیں، سندھ کی حالت تبدیل نہیں کی، سندھیوں کو سنوار نہیں سکے تو دیگر پاکستان کے علاقوں کو کیا پیغام دینے کیلئے نکل رہے ہیں۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ پندرہ سال کوئی معمولی وقت نہیں ہے، لوگوں نے بارہا آپ کو موقع دیا، مقامی اور صوبائی حکومت کے اختیارات آپ کے پاس، وفاق کی طرف سے ساتویں فنانس ایوارڈز کے تحت وسیع تر وسائل مہیا کئے گئے لیکن لوگ پوچھتے ہیں کہ آج سندھ میں تعلیم اور صحت کے حالات کیا ہیں؟۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کے امن و امان کی صورتحال بگڑتی جا رہی ہے،

کراچی سندھ کا دارالخلافہ ہے، آپ وہاں بیٹھے ہیں ، وہاں روزبروز ڈکیتی اور رہزنی کی وارداتیں بڑھ رہی ہیں، سڑکوں پر لوگوں کا مال چھینا جا رہا ہے،لوگوں کے گھروں میں گھس کر انہیں ہراساں کیا جا رہا ہے، صوبہ سندھ میں امن عامہ کی بنیادی ذمہ داری صوبائی حکومت کی ہے تو کہاں ہے صوبائی حکومت؟۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں لوگوں نے 2013ءمیں ایک بہت بڑا فیصلہ کر کے تحریک انصاف کو خدمت کا موقع دیا،

پانچ سال ہماری حکومت نے عوام کی خدمت کی تو 2018ءانتخابات میں عوام نے پہلے سے زیادہ ووٹوں سے تحریک انصاف کو دوبارہ منتخب کیا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب جو ایک زمانے میں پیپلزپارٹی کا قلعہ گنا جاتا تھا، پیپلزپارٹی جو وفاق کی علامت ہوا کرتی تھی، آج خیبرپختونخوا میں دکھائی نہیں دیتی، پنجاب میں اس کا وجود تقریباً مٹ گیا ہے، آج نئے سروے کے مطابق 2023ءانتخابات میں صرف پانچ فیصد لوگ پیپلزپارٹی کو ووٹ دینا چاہتے ہیں۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ آج تحریک انصاف ملک میں واحد سیاسی جماعت ہے جو نہ صرف چاروں صوبوں بلکہ آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی مقبولیت حاصل کر چکی ہے کیونکہ لوگ پاکستان کو آگے بڑھتا ہوا دیکھنا چاہتے ہیں، عوام نے بارہا پیپلزپارٹی اور ن لیگ کو مواقع دیئے لیکن انہوں نے تمام مواقع ضائع کئے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان جو ہمارے آبائواجداد نے بڑی محنت سے حاصل کیا تھا اس کے تحفظ اور بقا کیلئے سندھ کے لوگوں کو کردار ادا کرنا ہو گا، مجھے علم ہے کہ یہاں عرصہ دراز سے پیپلزپارٹی کا تسلط رہا ہے،

وہ جبر بھی کرتی ہے اور ناجائز کمائی سے لوگوں کو خریدنا بھی جانتی ہے، کب تک یہ لوگ آپ کی بولی لگاتے رہیں گے، وقت آ گیا ہے کہ سندھ کے نوجوان اپنے مستقبل کے بارے فیصلہ کریں۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اپنے اصولی موقف کی بنا پر نہ صرف پاکستان میں بلکہ بین الاقوامی شہرت حاصل کر چکے ہیں، ان کی دیانت کے بارے میں سپریم کورٹ بھی کہتا ہے کہ وہ صادق اور امین ہیں، دنیا بھی کہتی ہے کہ وزیراعظم عمران خان ایک نڈر، دلیر اور ایک خوددار شخصیت ہے، آج ہم تحریک انصاف کا منشور لیکر سندھ میں داخل ہو رہے ہیں اور ہر ضلع تک وزیراعظم کا پیغام پہنچائیں گے،

سندھ کے نوجوان تحریک انصاف کے ترجمان ہیں، آپ تحریک انصاف کا موقف لوگوں تک پہنچائیں، سندھ کے لوگوں کو حقائق بتائیں، وہ ترازو میں رکھ کر تولنا جانتے ہیں، وہ صحیح فیصلہ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں اور مجھے یقین ہے کہ وہ اپنے ووٹ کا صحیح استعمال کر کے تبدیلی کی طرف قدم اٹھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ گھوٹکی سے آج قافلا نکلا تو راستے میں شہر شہر اور قصبوں میں لوگوں نے فقید المثال استقبال کیا، لوگوں نے محبت کے پھول نچھاور کئے،

لوگ سندھ کی حالت بدلنے کے منتظر ہیں، سندھ کی حالت سندھ کے عوام نے بدلنی ہے، ہم نے صرف متبادل سوچ، منشور اور قیادت فراہم کرنی ہے، فیصلہ آپ نے کرنا ہے۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پی ٹی آئی ارکان نے سندھ اسمبلی میں جسطرح سے کردار ادا کیا انہیں خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔