پی ایف ایف نیشنل چیلنج کپ، پی او ایف ، ڈبلیو ایس ٹی سی ، اوٹو کرینز ، نیمسو اور اے ایس ایم نے اپنے اپنے میچز جیت لئے

راولپنڈی۔2فروری (اے پی پی):پی ایف ایف نیشنل چیلنج کپ 2023 میں پی او ایف نے مسلم ہینڈز ، ڈبلیو ایس ٹی سی نے بی ایچ سی سی، اوٹو کرینز نے کلاش ملز، نیمسو نے مائلو اور اے ایس ایم نے حسین ٹیکسٹائل ملز کو شکست دے دی ، ایچ ای سی اور ایس اے گارڈنز کا میچ برابر رہا ،

پاکستان فٹبال فیڈریشن کے زیر اہتمام نیشنل چیلنج کپ کے دلچسپ مقابلے ملک بھر میں جاری ہیں ، پی او ایف گراؤنڈ ، راولپنڈی میں کھیلے گئے میچ میں پی او ایف نے مسلم ہینڈز کو دلچسپ مقابلے کے بعد 0-1 سے شکست دی ، فاتح ٹیم کی طرف سے واحد اور فیصلہ کن گول زین العابدین کیا، تماس سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں ڈبلیو ایس ٹی سی نے بی ایچ سی سی کے خلاف ایک کے مقابلے میں دو گول سے کامیابی حاصل کی، ڈبلیو ایس ٹی سی کی طرف سے زاہد اور رضوان نے ایک، ایک گول کیا،

دہنولا گراؤنڈ میں کھیلے گئے میچ میں اوٹو کرینز نے کلاش ملز کو بآسانی 0-3 سے شکست دی ، اوٹو کرینز کے حیدر نے عمدہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور دو گول کئے ، ایوب سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں نیمسو نے مائلو کے خلاف سخت مقابلے کے بعد 0-1 سے فتح حاصل کی، نیمسو کی جانب سے واحد گول علی رضا نے کیا، گلزار صادق سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں اے ایس ایم نے حسین ٹیکسٹائل ملز کو 0-2 سے ہرایا، اے ایس ایم کی جانب سے ناصر اور کاشف نے ایک، ایک گول کیا، پنجاب یونیورسٹی گرائونڈ میں ایچ ای سی اور ایس اے گارڈنز کے درمیان کھیلا گیا میچ بغیر کسی گول کے برابر رہا۔