پی سی بی کی آصف آفریدی پر دو سال کی پابندی عائد، کرکٹ ایکٹیویٹی میں حصہ نہیں لے سکیں گے، اعلامیہ

پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم سری لنکا کے خلاف سیریز سے قبل جمعرات سے ٹریننگ سیشن کا آغاز کرے گی

کراچی۔7فروری (اے پی پی):پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) نے بین الاقوامی اسپنر آصف آفریدی پر پی سی بی کے انسداد بدعنوانی کوڈ کے تحت دو خلاف ورزیوں کے الزام میں اعتراف جرم کے بعد تمام اقسام کی کرکٹ ایکٹیویٹی میں حصہ لینے پر دو سال کی پابندی عائد کر دی ہے۔

پی سی بی سے منگل کو جاری اعلامیہ کے مطابق آرٹیکل 2.4.10کی خلاف ورزی پر آفریدی کو دو سال کی نااہلی کی سزا دی گئی جبکہ آرٹیکل 2.4.4کی خلاف ورزی پر چھ ماہ کی پابندی عائد کر دی گئی۔ نااہلی کے دونوں ادوار ایک ساتھ چلیں گے اور ان کی عارضی معطلی کے دن سے شروع ہوں گے جس کا آغاز 12ستمبر 2022 کو ہوا تھا۔پی سی بی نے پابندی کی مدت کے بارے میں اعتراف جرم، اظہارِ پشیمانی، ماضی کا ٹریک ریکارڈ سے متعلق آصف آفریدی کی درخواست پر غور کیا۔

پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ پی سی بی کو ایک بین الاقوامی کرکٹر کو دو سال کے لیے معطل کرنے سے کوئی خوشی نہیں ہوئی لیکن ہم اس طرح کے جرائم کے خلاف زیرو ٹالرنس کا رویہ رکھتے ہیں۔ کھیل کی گورننگ باڈی کے طور پر ہمیں مثالیں بنانے، ایسے معاملات کو مضبوطی سے سنبھالنے اور تمام کرکٹرز کو مضبوط پیغامات بھیجنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ تلخ حقیقت ہے کہ بدعنوانی ہمارے کھیل کے لیے خطرہ ہے کیونکہ خود غرض بدعنوان کرکٹرز کو مختلف طریقوں سے لالچ دیتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ پی سی بی کھلاڑیوں کی تعلیم پر بہت زیادہ سرمایہ کاری کر رہا ہے تاکہ وہ چوکس رہیں اور رپورٹنگ اپروچ کے ذریعے اس لعنت کو ختم کرنے میں پی سی بی کی مدد کرسکیں۔ ہماری تمام تر کوششوں کے باوجود کوئی کھلاڑی اس لالچ کا شکار ہو جاتا ہے تو پی سی بی کو کوئی ہمدردی نہیں ہے۔