لاہور۔28نومبر (اے پی پی):صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے بھلوال انڈسٹریل اسٹیٹ کا تفصیلی دورہ کیا۔1254ملین روپے کی لاگت سے بننے والے132کے وی گرڈ اسٹیشن کا افتتاح کیا۔صوبائی وزیر نے گرڈ اسٹیشن کے افتتاح کے بعد گرڈ سے انڈسٹری کو بجلی کی ترسیل کا مشاہدہ کیا۔ صوبائی وزیر نے فارماسیوٹیکل گروپ کی جانب سے انڈسٹریل اسٹیٹ میں نئے لگنے والے ادویہ سازی کے پلانٹ کا بھی افتتاح …
چوہدری شافع حسین کا بھلوال انڈسٹریل اسٹیٹ کا دورہ،نوتعمیرشدہ 132کے وی گرڈ اسٹیشن کا افتتاح کیا
لاہور۔28نومبر (اے پی پی):صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے بھلوال انڈسٹریل اسٹیٹ کا تفصیلی دورہ کیا۔1254ملین روپے کی لاگت سے بننے والے132کے وی گرڈ اسٹیشن کا افتتاح کیا۔صوبائی وزیر نے گرڈ اسٹیشن کے افتتاح کے بعد گرڈ سے انڈسٹری کو بجلی کی ترسیل کا مشاہدہ کیا۔ صوبائی وزیر نے فارماسیوٹیکل گروپ کی جانب سے انڈسٹریل اسٹیٹ میں نئے لگنے والے ادویہ سازی کے پلانٹ کا بھی افتتاح کیا،پلانٹ کا دورہ کیا اور پیداواری عمل کا جائزہ لیا۔صوبائی وزیر نے بیسٹ وے گروپ کے عالمی معیار کے جدید پیکنگ پلانٹ کا بھی دورہ کیا اور پیداواری عمل کے مختلف مراحل کا مشاہدہ کیا۔اس پیکنگ پلانٹ میں روزانہ 3لاکھ بیگز تیار ہو رہے ہیں۔
بیسٹ وے گروپ نے اس موقع پر اپنی سرمایہ کاری بڑھانے کا بھی عندیہ دیا۔چیئرمین پیڈمک جاوید اقبال نے بھلوال انڈسٹریل اسٹیٹ میں ترقیاتی امور بارے بریفننگ دی اور بتایا کہ427 ایکڑ رقبے پر بننے والی بھلوال انڈسٹریل اسٹیٹ میں6 فیکٹریاں پیداوار دے رہی ہیں جبکہ یہاں انڈسٹری کو مارکیٹ ریٹ سے کم نرخوں پر گیس مل رہی ہے۔صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے گرڈ اسٹیشن کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھلوال انڈسٹریل اسٹیٹ میں 132کے وی گرڈ اسٹیشن کا قیام مستحسن اقدام ہے،اس گرڈ اسٹیشن سے انڈسٹریل اسٹیٹ میں لگنے والی انڈسٹری کو ضرورت کے مطابق بجلی ملے گی۔صوبائی وزیر نے ہدایت کی کہ بھلوال انڈسٹریل اسٹیٹ میں لیبر کو طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے ہسپتال کے قیام کی منصوبہ بندی کی جائے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب کے خصوصی اقتصادی زونز میں صنعتی انفراسٹرکچر کو بہتر کیا گیا ہے۔آئندہ6 ماہ میں پنجاب میں وی وو موبائل فون کی مینوفیکچرنگ شروع ہونے جا رہی ہے۔قائد اعظم بزنس پارک شیخوپورہ میں 10نئی فیکٹریاں لگ رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب نے سیالکوٹ میں 1400ایکڑ بنجر اراضی پر نئی انڈسٹریل بنانے کی منظوری دے دی ہے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ انڈسٹری سولر انرجی پر منتقل ہو تو اس کے بجلی کے بلوں میں کمی آئے گی۔صوبائی وزیر نے کہا کہ بھلوال انڈسٹریل اسٹیٹ میں ریسکیو اور فائر بریگیڈ کا ادارہ بنایا جائے گا،یہاں گرڈ اسٹیشن بننے سے انڈسٹری کو بلا تعطل اور سستی بجلی ملے گی۔
بھلوال انڈسٹریل اسٹیٹ میں انڈسٹری کیلئے گیس کی فراہمی کا کوئی مسئلہ نہیں صنعتکار یہاں انڈسٹری لگائیں اور یہاں دستیاب سہولتوں سے فائدہ اٹھائیں۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف نے گزشتہ2 سالوں میں عوام کی فلاح کیلئے بے مثال منصوبے شروع کئے،زراعت کے فروغ کیلئے بھی شاندار اقدامات کئے گئے ہیں جبکہ سیلاب متاثرین کی بحالی کا عمل بھی شروع ہوچکا ہے۔ چوہدری شافع حسین نے کہا کہ انڈسٹریل اسٹیٹس میں برسوں سے جاری رئیل اسٹیٹ کا کاروبار بند کروا دیا ہے اب انڈسٹریل اسٹیٹ میں پالیسی کے مطابق 2 سال میں صنعتی یونٹس نہ لگانے والوں کے پلاٹ کینسل کئے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت قرضوں پر مارک اپ کی شرح سنگل ڈیجٹ پر لا رہی ہے۔خصوصی اقتصادی زونز میں سرمایہ کاری پر 10سال تک انکم ٹیکس کی چھوٹ اور ایک مرتبہ ڈیوٹی فری مشینری کی سہولت موجود ہے۔صوبائی وزیر نے فارماسیوٹیکل گروپ کو انڈسٹری مکمل کرنے پر مبارکباد دی اور کہا کہ یہ گروپ یہاں مزید پلانٹ بھی لگائے۔گرڈ اسٹیشن کی افتتاحی تقریب میں متعلقہ اداروں کے سربراہان،چیف انجنیئرفیسکو، ایوان صنعت و تجارت سرگودھا کے صدر اور صنعتکاروں کی بڑی تعداد موجود تھی۔صوبائی وزیر نے فارماسیوٹیکل کے پلانٹ میں شجرکاری مہم کے حوالے سے پودا بھی لگایا۔









