چیئرمین سینیٹ محمدصادق سنجرانی کی وفد کے ہمراہ روسی فیڈریشن کونسل کے اسپیکر ویلینٹینا میٹاوینکو سے ملاقات

اسلام آباد۔6جون (اے پی پی):چئیرمین سینیٹ محمدصادق سنجرانی نے وفد کے ہمراہ روسی فیڈریشن کونسل کے اسپیکر ویلینٹینا میٹاوینکو سے ملاقات کی ۔ملاقات میں پاکستان اور روس کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے حوالے سے امور زیربحث آئے۔سینٹ سیکرٹریٹ سے جاری تفصیلات کے مطابق تعلقات کو مزید فعال بنانے کیلئے فریقین کا پارلیمانی روابط بڑھانے پر اتفاق ہوا ہے ۔

سینیٹ کا دورہ روس اور اہم ملاقاتوں سے تعاون کیلئے نئی راہیں تلاش کرنے میں مدد گار ثابت ہوگا،ملاقات میں تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، دفاع، ثقافت اور عوام سے عوام کے تبادلے جیسے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر زور دیا گیا ہے ،دونوں معززین نے پاکستان روس تعلقات میں جاری پیش رفت پراطمینان کا اظہار کیا ،دونوں رہنمائوں نے مشترکہ چیلنجوں سے نمٹنے اور امن و استحکام کو فروغ دینے کیلئے مل کر کام کرنے کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے علاقائی اور بین الاقوامی فورمز پر تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا،ملاقات میں دونوں ممالک کے عوام کے باہمی فائدے اور خوشحالی کیلئے تعاون بڑھانے کے حوالے سے نئی راہیں تلاش کرنے کے عزم کا اظہار کیا گیا ہے۔

چیئرمین سینیٹ نے خطے کی صورتحال اجاگر کرتے ہوئے روس فیڈرل کونسل کی سپیکر کو مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کے بارے میں بھی آگاہ کیا ۔بعد ازاں روسی فیڈریشن کونسل کے اسپیکر ویلینٹینا میٹاوینکو نے سینیٹ وفد کے اعزاز میں عشائیہ کا بھی اہتمام کیا وفد میں سینیٹر ز منظور کاکڑ ، دلاور خان ،محترمہ روبینہ خالد ، محترمہ نزہت صادق ، عبدلغفور حیدری ، عبدالقادر اور روس میں پاکستان کے سفیر شفقت علی خان اور دیگر شریک تھے۔