چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی سے اٹلی کے سفیر کی ملاقات

اسلام آباد۔5جولائی (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ پاکستان اٹلی کے ساتھ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے، اٹلی کے ساتھ اقتصادی تعاون سمیت مختلف شعبوں میں تعلقات بہتر بنانے کے خواہاں ہیں۔ یہ بات انہوں نے اٹلی کے سفیر اینڈریاس فیراریز سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جنہوں نے منگل کو پارلیمنٹ ہاؤس میں ان سے ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور سمیت مجموعی علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان خوشگوار تعلقات قائم ہیں۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔ محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ اطالوی کمپنیوں کو پاکستان میں موجود سرمایہ کاری اور کاروباری مواقعوں سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان اٹلی کے ساتھ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے اور اٹلی کے ساتھ اقتصادی تعاون سمیت مختلف شعبوں میں تعلقات بہتر بنانے کے خواہاں ہیں۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ کورونا وبا کے سماجی و معاشی منفی اثرات کو کم کرنے کیلئے بین الاقوامی تعاون ناگزیر ہے۔ اطالوی سفیر نے علاقائی استحکام کیلئے پاکستان کے کردار کی تعریف کی اور کہا کہ پاکستان کے ساتھ سفارتی تعاون میں مزید بہتری کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کر یں گے۔اطالوی سفیر نے کورونا وبا کی روک تھام کے لئے پاکستانی حکومت کی کوششوں کو سراہا۔