اسلام آباد۔2فروری (اے پی پی):چیئرمین پرائم منسٹرز یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خاں اور فرحت مشہود نے زوہا فائونڈیشن کے زیر اہتمام مستحق اور خصوصی بچوں میں کھلونے اور وہیل چیئرز تقسیم کیں تاکہ ان کی زندگیوں میں خوشیاں اور آسانیاں پیدا کی جا سکیں۔پرائم منسٹرز یوتھ پروگرام کی جانب سے جاری علامیہ کے مطابق رانا مشہود احمد خاں نے کہا ہے کہ ہر بچہ اپنی ذات میں خاص اور ہر مسکراہٹ قیمتی ہوتی ہے۔
اسی جذبے کے تحت بچوں میں کھلونے اور وہیل چیئرز تقسیم کی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ تقریب صرف تحائف کی تقسیم تک محدود نہیں ہے بلکہ یہ بچوں کے لیے ایک یادگار تفریحی دن بھی ہے ۔ اس موقع پر جادوئی کرتب ، پتلی تماشا ، فوڈ سٹالز، جھولے اور دیگر تفریحی سرگرمیوں کا بھی انتظام کیا گیا جس سے بچے محظوظ ہوتے رہے۔
واضح رہے کہ اس ایونٹ کا مقصد بچوں کو یہ احساس دلانا تھا کہ وہ سب کے لیے نہایت قیمتی ہیں اور ان کی خوشیاں ہمارے لیے اہمیت رکھتی ہیں۔زوہا فاؤنڈیشن امید، محبت اور ہمدردی کے سفر کو مزید آگے بڑھائے گی تاکہ ہر بچہ اپنی زندگی میں خوشیوں کی روشنی محسوس کر سکے۔