اسلام آباد۔27اکتوبر (اے پی پی):ازبکستان میں جاری پارلیمانی انتخابات کے موقع پر پاکستان کے چیف الیکشن کمشنرسکندر سلطان راجہ خصوصی مبصر کے طور پر موجود ہیں۔ انتخابی عمل کے مشاہدے کے دوران آج انہوں نے ازبکستان کے مرکزی الیکشن کمیشن کے چیئرمین نظام خواجہ یف زین الدین مخماتوویچ سے اہم ملاقات کی۔ جس میں دونوں ممالک کے درمیان انتخابی تجربات کے تبادلے کے حوالے سے تفصیلی گفتگو ہوئی۔
ترجمان الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق دونوں فریقین نے باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا۔چیف الیکشن کمشنر پاکستان نے تاشقند شہر میں واقع مختلف پولنگ اسٹیشنز کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے انتخابی عمل کا براہ راست مشاہدہ کیا۔ انہوں نے ووٹرز کی سہولت کے لیے کیے گئے انتظامات کو سراہا اور پولنگ عملے کی کارکردگی کو قابل تعریف قرار دیا۔اپنے دورے کے دوران سکندر سلطان راجہ نے ازبکستان کی نامور تعلیمی درسگاہ،تاشقند یونیورسٹی آف جرنلزم اینڈ ماس کمیونیکیشنز کا خصوصی دورہ بھی کیا۔
اس موقع پر انہیں جدید تعلیمی سہولیات اور میڈیا لیبز سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ گزشتہ روز چیف الیکشن کمشنر نے ازبکستان الیکشن کمیشن کے زیر اہتمام منعقدہ ایک اہم بریفنگ میں شرکت کی جس میں دنیا بھر سے تشریف لائے ہوئے مختلف ممالک کے الیکشن کمیشنز کے چیئرمین موجود تھے۔ اس بریفنگ میں ازبکستان کے انتخابی نظام، قانونی فریم ورک اور انتخابات کے انعقاد کے لیے کیے گئے انتظامات کے بارے میں تفصیلی معلومات فراہم کی گئیں۔