چینی سرمایہ داروں کو سہولیات دینے اور سی پیک منصوبوں کو دوبارہ تیزی سے آگے بڑھانے کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں ، سید ظفر علی شاہ

اسلام آباد۔30مئی (اے پی پی):سیکرٹری منصوبہ بندی و ترقی سید ظفر علی شاہ نے کہا ہے کہ چینی سرمایہ داروں کو سہولیات دینے اور سی پیک منصوبوں کو دوبارہ تیزی سے آگے بڑھانے کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں ، سی پیک کے تحت جاری منصوبوں کی تعمیر و ترقی میں تیزی لائی جائے گی ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو وزیراعظم شہباز شریف اور چینی سرمایہ داروں سے متعلق اجلاس میں سی پیک منصوبوں کے حوالے سے بریفنگ کے دوران کیا۔

سیکرٹری منصوبہ بندی و ترقی نے پاکستان میں کام کرنے والی چینی کمپنیوں سے متعلق معاملات اور سی پیک کے نئے منصوبوں پر اجلاس کو بریف کیا۔ اجلاس میں پاکستان میں کام کرنے والی تمام اہم چینی کمپنیوں نے شرکت کی۔ سیکرٹری منصوبہ بندی نے سی پیک اسپیشل اکنامک زونز، ایم ایل –ون ، کراچی سرکلر ریلوے اور پاور سیکٹر ، سولر انرجی جیسے نئے منصوبوں کی پیشرفت سے آگاہ کیا۔

سیکرٹری منصوبہ بندی و ترقی سید ظفر علی شاہ نے کہا کہ چینی سرمایہ داروں کو سہولیات دینے اور سی پیک منصوبوں کو دوبارہ تیزی سے آگے بڑھانے کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں ، سی پیک کے تحت جاری منصوبوں کی تعمیر و ترقی میں تیزی لائی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ تمام منصوبوں کی تکمیل کے لئے مقررہ وقت دیا گیا ہے جس کا مسلسل جائزہ لیا جائے گا ۔