ڈائریکٹوریٹ آف یوتھ افیئرز خیبرپختونخوا کے زیر اہتمام تربیتی پروگرام ریزیلینٹ ٹوگیدر کامیابی سے اختتام پذیر

خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے نوجوان رہنماؤں نے ذہنی صحت اور نفسیاتی و سماجی معاونت سے متعلق تین روزہ تربیتی پروگرام "ریزیلینٹ ٹوگیدر” کامیابی سے مکمل کر لیا۔ یہ تربیتی پروگرام یونیورسٹی آف پشاور کے باڑہ گلی سمر کیمپ میں منعقد ہوا

پشاور۔ 09 جون (اے پی پی):خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے نوجوان رہنماؤں نے ذہنی صحت اور نفسیاتی و سماجی معاونت سے متعلق تین روزہ تربیتی پروگرام "ریزیلینٹ ٹوگیدر” کامیابی سے مکمل کر لیا۔ یہ تربیتی پروگرام یونیورسٹی آف پشاور کے باڑہ گلی سمر کیمپ میں منعقد ہوا جو جامعہ پشاور کے شعبہ تاریخ، ڈائریکٹوریٹ آف یوتھ افیئرز خیبرپختونخوا اور قائداعظم یونیورسٹی اسلام آباد کے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف پاکستان اسٹڈیز کے باہمی اشتراک سے منعقد کیا گیا۔

"مل کر سیکھیں، مل کر سنبھلیں، مل کر قیادت کریں” کے عنوان سے منعقدہ اس تربیتی پروگرام میں نوجوانوں نے ذہنی صحت سے آگاہی، باہمی معاونت، کمیونٹی کی سطح پر نفسیاتی مضبوطی اور سماجی استحکام سے متعلق مختلف ورکشاپس، گروپ مباحثوں اور عملی سرگرمیوں میں حصہ لیا۔پروگرام کا مقصد نوجوانوں میں ذہنی صحت کے حوالے سے شعور اجاگر کرنا، اس سے وابستہ سماجی برائیوں کا خاتمہ اور مقامی سطح پر ذہنی فلاح و بہبود کے فروغ کے لیے نوجوانوں کی صلاحیتوں کو مضبوط بنانا تھا۔اس موقع پر جامعہ پشاور کے شعبہ تاریخ کے چیئرمین نے اپنے پیغام میں کہا کہ نوجوانوں کی قیادت میں ذہنی صحت کے فروغ کے لیے اقدامات دراصل خیبرپختونخوا کے مستقبل میں سرمایہ کاری کے مترادف ہیں۔

ان کے بقول اس نوعیت کے پروگرام نوجوانوں کو اپنی برادریوں میں مثبت تبدیلی، بحالی اور رہنمائی کا مؤثر ذریعہ بناتے ہیں۔نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف پاکستان اسٹڈیز، قائداعظم یونیورسٹی کے ڈائریکٹر نے کہا کہ باڑہ گلی کا پُرسکون اور تعلیمی ماحول نوجوانوں کو سیکھنے، غور و فکر اور تجربات کے تبادلے کا بہترین موقع فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ شرکاء "ریزیلینٹ ٹوگیدر” کے پیغام کو اپنے اپنے اضلاع تک پہنچائیں گے۔ڈائریکٹوریٹ آف یوتھ افیئرز خیبرپختونخوا کے افسران نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ نوجوانوں کی ذہنی صحت، قیادت سازی اور مثبت سماجی کردار کے فروغ کے لیے مستقبل میں بھی ایسے تربیتی اور آگاہی پروگرام مختلف اداروں کے اشتراک سے جاری رکھے جائیں گے۔

مزید خبریں