ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی زاہد اکرم درانی سے ارجنٹائن کے نائب وزیر خارجہ پابلو ٹیٹامنتی کی ملاقات

اسلام آباد۔6دسمبر (اے پی پی):ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی زاہد اکرم درانی سے منگل کو ارجنٹائن کے نائب وزیر خارجہ پابلو ٹیٹامنتی نے ارجنٹائن کے سفیر کے ہمراہ پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی۔ملاقات میں پاک ارجنٹائن دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی زاہد اکرم درانی نے کہا کہ پاکستان ارجنٹائن کے ساتھ اپنے دیرینہ خوشگوار تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔انہوں نے کہاکہ دونوں ممالک کے مابین دوطرفہ دوستانہ تعلقات کو مزید وسعت دینے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں تجارتی اور اقتصادی سرگرمیوں کے وسیع مواقع موجود ہیں جس سے ارجنٹائن کی کاروباری برادری استفادہ حاصل کر سکتی ہے۔ انہوں نے ارجنٹائن کی تاجر برادری کو پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے کی دعوت دی۔ انہوں نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) منصوبے کی تکمیل سے پاکستان خطے میں معاشی و اقتصادی ترقی کا مرکز بنے گا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان جغرافیائی اعتبار سے انتہائی اہمیت کا حامل ملک ہے جس کی وجہ سے پاکستان وسطی ایشیائی ممالک کے لیے تجارت اور رابطے کا گیٹ وے تصور کیا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان سمندری بندرگاہ گوادر کے ذریعے باہمی ترقی کے لیے متعدد علاقائی ممالک کے ساتھ جڑا ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان وسطی ایشیائی ریاستوں کے ساتھ اپنے تجارتی تعلقات کو وسعت دینا چاہتا ہے۔

ڈپٹی سپیکر زاہد اکرم درانی نے ملک میں سیاحت کے وسیع امکانات کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو ہر قسم کے قدرتی وسائل اور قدرتی مناظر سے نوازا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلاشبہ پاکستان کو تباہ کن سیلاب کے بدترین اثرات کا سامنا ہے لیکن پاکستانی عوام اس چیلنج سے نکلنے کے لیے پر عزم ہیں۔

کنوینر پاکستان ارجنٹائن پارلیمانی فرینڈ شپ گروپ ممبر قومی اسمبلی ڈاکٹر محمد افضل ڈھانڈلہ نے دونوں ممالک کے درمیان پارلیمانی تعاون کو بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ سے پارلیمنٹ کے رابطے دونوں ممالک کی ترقی اور خوشحالی کے لیے اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ ملاقات میں ممبر قومی اسمبلی ذوالفقار علی بھٹی بھی موجود تھے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے اور ارجنٹائن جیسے ممالک ہنر مند پاکستانی نوجوانوں سے استفادہ حاصل کر سکتے ہیں۔

جمہوریہ ارجنٹائن کے نائب وزیر خارجہ پابلو ٹیٹامانتی نے پاکستان میں پرتپاک استقبال کو سراہا۔انہوں نے پاکستان میں خوبصورت موسم اور قدرتی حسن کی فراوانی کی بھی تعریف کی۔ انہوں نے پاکستان میں حالیہ تباہ کن سیلاب سے متاثرہ پاکستانی عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی ایک عالمی چیلنج ہے اور اس چیلنج سے نمٹنے کے لیے دنیا کے تمام ممالک کو متحد ہو کر مشترکہ کوششیں کرنے کی ضرورت ہے۔