ڈپٹی کمشنر کی زیرصدارت پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کا اجلاس، کارکردگی کا جائزہ

165
ایسوسی ایٹیڈ پریس آف پاکستان

مظفرگڑھ۔ 12 جنوری (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر میاں عثمان علی کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کا اجلاس منعقد ہوا جس میں تمام پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ ضلع مظفرگڑھ میں کل 26 پرائس کنٹرول مجسٹریٹس ہیں جنہوں نے رواں ماہ کے دوران مختلف دکانوں پر 13 ہزار 816 معائنے کیے۔خلاف ورزی کرنے پر 6 لاکھ 38 ہزار روپے جرمانہ کیا گیا،12 دکانداروں کے خلاف ایف آئی آرز کا اندراج کیا گیا، 9 دکانوں کو سیل کیا گیا جبکہ 65 دکانداروں کو گرفتار کیا گیا۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ صوبہ بھر میں ضلع مظفرگڑھ کی کارکردگی نمایاں ہے تاہم ابھی مزید محنت کی ضرورت ہے۔زیادہ سے زیادہ دکانوں کو چیک کیا جائے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ کئی پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی کارکردگی اچھی ہے جبکہ کچھ کام نہیں کر رہے ہیں جس کی وجہ سے کارکردگی متاثر ہو رہی ہے۔

ڈپٹی کمشنر نے فرداً فرداً تمام مجسٹریٹس کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔اسسٹنٹ کمشنر مظفرگڑھ ناصر شہزاد ڈوگر اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت عبد الرزاق سمیت بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والوں کو شاباش دی جبکہ ناقص کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والوں پر برہمی کا اظہار کیا۔

اجلاس میں ڈی او انڈسٹری محمد غازی خان سمیت پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے شرکت کی جبکہ اسسٹنٹ کمشنر علی پور مکرم سلطان اور اسسٹنٹ کمشنر جتوئی طارق محمود نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔