ڈینگی کے خاتمہ کیلئے ہمیں اْسی جذبے کا مظاہرہ کرنا چاہیے جو کورونا کے خلاف جنگ میں دیکھنے کو ملا، اے ڈی سی

سرگودھا ۔2جولائی (اے پی پی):ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل فیصل عباس نے کہا ہے کہ ڈینگی کا خاتمہ ہمارے لیے چیلنج بنا ہوا ہے، ہمیں اْسی جذبے کا مظاہرہ کرنا چاہیے جو کورونا کے خلاف جنگ میں دیکھنے کو ملا تھا، قومیں اجتماعی جدوجہد سے پروان چڑھتی ہیں، اساتذہ کرام ہمارے لیے رول ماڈل ہیں، اِن کی گفت گو پْر اثر ہوتی ہے اس لیے قومی شعور بیدارکرنے میں اِن کا گراں قدر حصہ ہے، احتیاطی تدابیر سے ڈینگی پر قابو پایا جا سکتا ہے، ہمارے طالب علم ، اساتذہ کرام کی ہر بات پر عمل کرتے ہیں۔ اس لیے بچوں میں تعمیری سوچ بیدار کرنے کے لیے اْن کی مدد لی جاتی ہے۔

انہوں نے اِن خیالات کا اظہار محکمہ تعلیم اور محکمہ صحت کے زیر اہتمام ڈینگی بچاؤ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیاجس کا اہتمام گورنمنٹ جامع گرلز ہائی سکول سرگودھا میں کیاگیا تھا۔ قبل ازیں چیف ایگزیکٹو آفیسر(ایجوکیشن) اختر عباس بلوچ، ڈاکٹرطارق حسن،ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرچودھری خالد محمودڈی ای او، سید اعجاز حسین کاظمی، پروفیسر(ر)میجرڈاکٹر ہارون الرشید تبسم،سول ڈیفنس آفیسر سائرہ رفیق خان ، فوزیہ سجاد، مہوش دلبر، طلحہ رفیق، شانزہ اشرف ، رابعہ ، رابیل سرفراز، حافظ بلال اورسید فضل حسین نے بھی خطاب کیا۔ فیصل عباس نے مزید کہا کہ حکومتِ پنجاب ڈینگی کے خاتمہ کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کر رہی ہے آپ لوگوں کے تعاون سے ڈینگی کا خاتمہ ممکن ہو سکے گا، اساتذہ ایسی فوج ہیں جن کے سپاہی مخلص اور محنتی ہیں مسائل کا حل اجتماعی کوشش سے ہی ممکن ہے،

اساتذہ کرام کو ایک تحریک کی صورت میں ڈینگی سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر لوگوں تک پہنچانا ہوں گی۔ ڈاکٹرطارق حسن نے کہا کہ ماحول خشک اور صاف ستھرا رکھنے کے اقدامات آج کی اہم ضرورت ہیں۔ ڈینگی مچھر کی افزائش کے مراحل سے مکمل آگاہی ڈینگی کے خاتمے کے لیے اہم نکتہ ہے۔ پروفیسر (ر)میجرڈاکٹر ہارون الرشید تبسم نے کہا کہ ہم سب کے لیے ضروری ہے کہ گھروں میں موجود فواروں ، آبشاروں اور سوئمنگ پول وغیرہ میں پانی جمع نہ ہونے دیں ۔

ڈی او سیکنڈری چودھری خالد محمود نے کہا کہ تعلیمی اداروں سے اچھے پیغامات کی توقع کی جاتی ہے، ہمیں اپنے اپنے تعلیمی اداروں میں وہ اقدامات کرنے چاہئیں جو دوسروں کے لیے ایک مثال بن جائیں۔ بعد از تقریب ریلی کا اہتمام ہوا جس کی قیادت سی ای او اختر عباس بلوچ نے کی۔ شرکاء نے ڈینگی بچاؤ مہم کے بارے میں بینر اْٹھا رکھے تھے۔