ڈپٹی سپرینٹنڈنٹ (ڈی ایس پی) نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹر وے پولیس فہد اجمل نے عوامی آگاہی، روڈ سیفٹی، کمیونٹی سیفٹی اور ذمہ دارانہ ڈرائیونگ کے فروغ کےحوالےسے ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان (اے پی پی) سرگودھا سٹیشن کا دورہ کیا
ڈی ایس پی نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹر وے پولیس کا ’’اے پی پی‘‘ سرگودھا سٹیشن کا دورہ

مزید خبریں
سرگودھا -09 جون (اے پی پی):ڈپٹی سپرینٹنڈنٹ (ڈی ایس پی) نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹر وے پولیس فہد اجمل نے عوامی آگاہی، روڈ سیفٹی، کمیونٹی سیفٹی اور ذمہ دارانہ ڈرائیونگ کے فروغ کےحوالےسے ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان (اے پی پی) سرگودھا سٹیشن کا دورہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس ملک بھر میں شاہراہوں پر محفوظ سفر کو یقینی بنانے کے لیے جدید طرز پر خدمات سرانجام دےرہی ہے۔ موٹروے پولیس کا بنیادی مقصد شہریوں کے جان و مال کاتحفظ،ٹریفک قوانین پر عمل درآمد اور عوام کوبہترین سفری سہولیات فراہم کرنا ہے۔ انہوں نےکہاکہ موٹروے پولیس اپنی شائستہ روی، میرٹ،شفافیت اورعوام دوست پالیسیوں کی وجہ سے ملک کا ایک مثالی ادارہ بن چکی ہے۔ افسران و اہلکار ہر قسم کے موسمی حالات میں اپنی ذمہ داریاں نبھاتے ہوئے مسافروں کی رہنمائی اور مدد کو یقینی بناتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ عوام میں ٹریفک قوانین سے متعلق شعور اجاگر کرنے کے لیے آگاہی مہمات کا انعقاد وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ حادثات میں کمی لائی جا سکے۔ ڈی ایس پی فہد اجمل نے میڈیا کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ صحافی برادری روڈ سیفٹی اور عوامی شعور بیدار کرنے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے اور موٹروے پولیس میڈیا کے ساتھ مل کر عوامی فلاح کے لیے اپنی کاوشیں جاری رکھے گی۔آخر میں شرکاء نے نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ عوام میں ٹریفک قوانین کی پابندی اور محفوظ سفر کے حوالے سے آگاہی مزید بڑھائی جائے گی۔








