کامن ویلتھ گیمز مینز ہاکی ایونٹ کا فائنلآسٹریلیا اور بھارت کے درمیان (کل) کھیلا جائے گا

برمنگھم۔7اگست (اے پی پی):کامن ویلتھ گیمز مینز ہاکی ایونٹ کا فائنل آسٹریلیا اور بھارت کی ٹیموں کے درمیان کل(پیر کو) کھیلا جائے گا ۔آسٹریلوی ٹیم مسلسل ساتویں بار ٹائٹل کا دفاع کرے گی، برمنگھم میں جاری ہاکی ٹورنامنٹ کے پہلے سیمی فائنل میں بھارت نے جنوبی افریقا کو سخت مقابلے کے بعد 2-3 سے شکست دے کر فائنل تک رسائی حاصل کی جبکہ دوسرے سیمی فائنل میں آسٹریلیا نے انگلینڈ کے خلاف دو کے مقابلے میں تین گول سے کامیابی حاصل کر کے مسلسل ساتویں بار فائنل کے لئے کوالیفائی کر لیا ۔

واضح رہے کہ کامن ویلتھ گیمز میں ہاکی ایونٹ کو 1998 میں شامل کیا گیا اور اب تک ہونے والے تمام چھ ٹورنامنٹس میں آسٹریلوی ٹیم نے کامیابی حاصل کی، بھارت نے تیسری بار فائنل کے لئے کوالیفائی کیا ہے۔ٹورنامنٹ کی تیسری پوزیشن کا میچ اسی روز انگلینڈ اور جنوبی افریقہ کے درمیان کھیلا جائے گا، پاکستان نے ایونٹ میں ساتویں پوزیشن حاصل کی ۔