کامن ویلتھ گیمز ویمنز ٹی 20 کرکٹ ،گروپ بی کی ٹیمیں نیوزی لینڈ اور انگلینڈ سیمی فائنل میں پہنچ گئیں

برمنگھم ۔3اگست (اے پی پی):نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کی خواتین ٹیمیں کامن ویلتھ گیمز ویمنز ٹی 20 کرکٹ ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں پہنچ گئیں۔ نیوزی لینڈ کی خواتین ٹیم نے اہم میچ میں سری لنکا اور میزبان انگلینڈ ویمن ٹیم نے جنوبی افریقہ کی ویمن ٹیم کو ہرا کرکامن ویلتھ گیمز ویمنز ٹی 20 کرکٹ ٹورنامنٹ کے ٹاپ فور کے لئے کوالیفائی کیا۔

کامن ویلتھ گیمز کا آغاز 28 جولائی سے انگلینڈ کے شہر برمنگھم میں ہوچکا ہےجس میں کانٹے دار مقابلوں کا سلسلہ جاری ہے۔ایجبسٹن ، برمنگھم میں کھیلے گئے ویمنز کرکٹ ٹورنامنٹ کے اہم میچ میں نیوزی لینڈ کی ویمن ٹیم نے سری لنکن ویمن کو 45 رنز سے ہرا دیا۔

نیوزی لینڈ نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں پر 147 رنز بنائے ، سوزی باٹیس 34 رنز اور کپتان سوفی ڈیوائن 24 رنز کے ساتھ نمایاں رہیں۔ جواب میں سری لنکن ویمن ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور مقررہ 20 اوورز میں 8وکٹوں پر 102 رنز بناسکی۔ نیلاکشی ڈی سلوا 36 رنز بناسکی۔نیوزی لینڈ کی ہیلی جینسن نے تین کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔

یوں نیوزی لینڈ کی ویمن ٹیم کامن ویلتھ گیمز ویمنز ٹی 20 کرکٹ ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں پہنچ گئی۔اسی مقام پر کھیلے گئے گروپ بی کے دوسرے میچ میں انگلینڈ کی خواتین ٹیم نے اہم میچ میں جنوبی افریقہ ویمن کو 26 رنز سے مات دے کر سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا۔

انگلینڈ ویمن نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں پر 167 رنز بناکر جنوبی افریقہ ویمن کو میچ میں کامیابی کے لئے 168 رنز کا ہدف دیا۔ ایلس کیپسی نے 50 رنز کی دلکش اننگز کھیلی ، کیتھرین برنٹ ناقابل شکست 38 اور ایمی جونز ناقابل شکست 36 رنز کے ساتھ نمایاں رہیں۔

جنوبی افریقہ کی شبنم اسماعیل نے دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ جواب میں جنوبی افریقہ کی ویمن ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 141 رنز بناسکی۔

لورا ولوارٹ نے ناقابل شکست 41 رنز بنائے ۔یوں انگلینڈ ویمن نے میچ میں جنوبی افریقہ ویمن کو 26 رنز سے شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنالی۔ واضح رہے کہ ویمنز کرکٹ کمپٹیشن کے دونوں سیمی فائنل 6 اگست جبکہ فائنل 7 اگست کو کھیلا جائے گا۔