کراچی ٹیسٹ، انگلینڈ نے دوسری اننگز میں 2 وکٹ کے نقصان پر 112 رنز بنالئے، سیریز کلین سویپ کرنے کیلئے مزید 55 رنز درکار

کراچی۔19دسمبر (اے پی پی):انگلینڈ کرکٹ ٹیم نے پاکستان کے خلاف تیسرے ٹیسٹ میچ کی دوسری اننگز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 112 رنز بنا کر اپنی پوزیشن مستحکم کرلی، انگلش ٹیم کومیچ جیتنے کے لئے مزید 55 رنز درکار ہیں ، انگلش بائولر ریحان احمد نے اپنے ٹیسٹ ڈیبیو میچ کی دوسری اننگز میں 5 وکٹیں حاصل کیں۔

نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کھیلے جارہے پاکستان اور انگلینڈ کے مابین تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے تیسرے اور آخری میچ کے تیسرے روز پیر کو پاکستان کی پوری ٹیم اپنی دوسری اننگز میں 216 رنز بناکر آئوٹ ہوگئی اور انگلش ٹیم کو میچ جیتنے کے لئے 167 رنز کا ہدف ملا تھا۔ انگلش ٹیم نے تیسرے دن کے کھیل کے اختتام پر 17 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 112 رنز بنا لئے ہیں اور اسے میچ جیتنے کے لئے مزید 55 رنز درکار ہیں جبکہ اس کی 8 وکٹیں باقی ہیں۔

انگلینڈ کی دوسری اننگز کا آغاز زاک کرولی اور بین ڈکٹ نے کیا اور انہوں نے اوپننگ پارٹنرشپ میں 87 رنزبنائے ، اس موقع پر زاک کرولی 41 گیندوں پر 7 چوکوں کی مدد سے 41 ہی رنز بناکر ابرار احمد کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے ۔جس کے بعد نائٹ واچ مین کی حیثیت سے ریحان احمد کھیلنے کے لئے آئے لیکن وہ زیارہ دیر وکٹ پر ٹھہر نہ سکے اور 10 رنز بناکر ابراراحمد کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے۔ جب تیسرے دن کا اختتام ہوا تو بین ڈکٹ 50 اور کپتان بین سٹروکس 10 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے۔

پاکستان بائولر ابراراحمدنے 6 اوورز میں 43 رنز دے کر 2 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ قبل ازیں پاکستان کی پوری ٹیم اپنی دوسری اننگز میں 74.5 اووورز میں 216 رنز بناکر آئوٹ ہوگئی، اس طرح انگلینڈ کو میچ جیتنے کے لئے 167 کا ہدف ملا ۔پاکستان نے اپنی دوسری نامکمل اننگز کا آغاز بغیر کسی نقصان21 رنز سے کیا۔ شان مسعود 3 اور عبداللہ شفیق 14 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے اور پاکستان کو انگلینڈ کی پہلی اننگز کی برتری ختم کرنے کیلئے مزید 29رنز درکار تھے۔پاکستان کا سکور 53رنز پر پہنچا تو پہلے شان مسعود ریورس سوئپ کھیلنے کی کوشش میں لیچ کی گیند پر بولڈ ہو گئے اور پھر اپنا آخری ٹیسٹ کی آخری اننگز کھیلنے والے اظہر علی بھی دوسری ہی گیند پر بولڈ ہو گئے۔

عبداللہ شفیق بھی 26رنز بنا کر لیچ ہی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے۔ کھانے کے وقفے کے بعد بابراعظم اور سعود شکیل نے پراعتماد انداز میں اپنی اننگز کو آگے بڑھایا لیکن بدقسمتی سے جب سکور 164 رنز پر پہنچا تو بابراعظم 104 گیندوں پر 6 چوکوں کی مدد سے 54 رنز بناکر ریحان احمد کی گیند پرپوپی کے ہاتھوں کیچ ہوکر پویلین لوٹ گئے۔بابراعظم اور سعودشکیل کے مابین چوتھی وکٹ کے لئے دو گھنٹے 45 منٹ میں 110 رنز کی شراکت قائم ہوئی جس کے بعد وکٹ کیپر محمدرضوان بھی7 رنز بناکر ریحان احمد کی گیند پر وکٹوں کے پیچھے وکٹ کیپر فوکس کے ہاتھوں کیچ ہوگئے جبکہ انہوں نے سعود شکیل کو بھی لیچ کے ہاتھوں کیچ آئوٹ کراکے میچ کا نقشہ تبدیل کرکے رکھ دیا۔

ریحان احمد 17 گیندوں پر 3 وکٹیں حاصل کر کے پاکستان کی بیٹنگ لائن کی کمرتوڑ کر رکھ دی۔ انگلینڈ کے بائولر ریحان احمد نے اپنے ٹیسٹ ڈیبیو کی دوسری اننگز میں 14.5 اوورز میں 48 رنز دیکر 5 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا جبکہ جیک لیچ نے 26 اوورز میں 72 رنز دیکر 3 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔جوئے روٹ اور مارک ووڈنے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔یاد رہے کہ کراچی ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں پاکستانی ٹیم 304 رنز بنا کر آئوٹ ہوئی تھی جس کے جواب میں انگلینڈ کی ٹیم نے 354 رنز بنائے تھے ۔تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں انگلینڈ کو دو صفر کی فیصلہ کن سبقت حاصل ہے۔