کشمیری عوام تمام مصائب کے باوجود بھارت کے ہٹلر کے خلاف اپنی تحریک آزادی جاری رکھیں گے ، مشعال ملک

کشمیری عوام تمام مصائب کے باوجود بھارت کے ہٹلر کے خلاف اپنی تحریک آزادی جاری رکھیں گے ، مشعال ملک

اسلام آباد۔8فروری (اے پی پی):چیئرپرسن پیس اینڈ کلچر آرگنائزیشن مشعال ملک نے واضح کیا ہے کہ کشمیر کے غیور عوام تمام مصائب اور مشکلات کے باوجود بھارتی غلامی سے نجات تک بھارت کے ہٹلر کے خلاف اپنی تحریک آزادی جاری رکھیں گے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو نیشنل کالج آف آرٹس میں کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کے لئے منعقدہ تصویری نمائش کے موقع پر کیا۔

اس موقع پر یاسین ملک کی صاحبزادی رضیہ سلطانہ اور سیکرٹری جنرل پیس اینڈ کلچر آرگنائزیشن سبین حسین ملک بھی موجود تھے ۔ مشعال حسین ملک نے کہا کہ فنکار اور مصور اپنے قلم ، برش اور نظموں کو بروئے کار لا کر دنیا کو مقبوضہ وادی کی المناک صورتحال سے آگاہ کرنے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں ۔تصویری نمائش مقبوضہ کشمیر کے لوگوں پر بھارتی فوج کی بربریت او ربھارتی ظلم و ستم ساری دنیا کے سامنے لانے کا اہم ذریعہ ہے۔مشعال ملک نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی ریاستی جبر اور مودی سرکار کے اوچھے ہتھکنڈوں کو دنیا بھر کے سامنے بےنقاب کرنا بہت اہم ہے ۔

انہوں نے کہا کہ یاسین ملک سمیت سینئر حریت رہنما ءزیر حراست ہیں اور انہیں ان کے بنیادی اور قانونی حقوق سے محروم رکھا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نریندرا مودی کی سرپرستی میں ہندوتوا حکو مت فسطائی ہتھکنڈوں کو استعمال کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم مقبوضہ وادی کو ایک سب جیل میں تبدیل کئے جانے اور پچھلی سات دہائیوں سے بھارتی دہشت گردی اور کشمیریوں کی نسل کشی کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔مشعال حسین ملک نے کہا کہ آرٹ کا کشمیری عوام کی جدوجہد کے اظہار میں اہم کردار ہے کیونکہ آرٹ مسئلہ کشمیر کے کرب اور المیوں کو بیان کر کے ہر کسی کے دلوں تک پہنچا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ این سی اے کا دل میں ایک خاص مقام ہے اور وہ ہمیشہ انکی تقاریب کا حصہ بن کر حوصلہ افزائی اور اعزاز محسوس کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے کہا کہ وزارت وفاقی تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت نے کشمیر کاز کو اجاگر کرنے کے لئے ایک مہم کا انعقاد کیا۔ انہوں نے خاص طور پر کشمیر کاز کو سامنے لانے میں اہم کردار ادا کرنے پر این سی اے کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو کشمیریوں کی جدوجہد آزادی سے آگاہ کرنا بہت ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ فاشسٹ مودی حکومت نے بھارتی غاصبانہ قبضے کے تحت مقبوضہ کشمیر پر مسلسل ظلم جاری رکھا ہوا ہےاور مجرمانہ طریقوں سے ڈیموگرافی بھی تبدیل کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیر کی حمایت جاری رکھے گا، کشمیریوں کے انسانی اور سیاسی حقوق کے تحفظ کا وعدے پورا کریں گے۔انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی ذمہ داری ہے کہ کشمیر کو اپنی قراردادوں کے مطابق آزادی دلائے اور اس تنازعہ کا کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق جلد از جلد حل کرائے۔

انہوں نے نمائش میں موجود فن پاروں کی تعریف کی اور اس نمائش کے انعقاد پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر مرتضیٰ جعفری کا شکریہ ادا کیا۔وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر مرتضیٰ جعفری نے وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ وارانہ رانا تنویر اور جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے رہنما محمد یاسین ملک کی اہلیہ مشعال حسین ملک کا استقبال کیا۔