کمشنر سوشل سکیورٹی کی حالیہ ہیٹ ویو کے دوران مریضوں کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی ہر صورت یقینی بنانے کی ہدایت

ہیٹ ویو اور موسم گرما کے پیش نظر کمشنر پنجاب ایمپلائز سوشل سکیورٹی انسٹیٹیوشن ذوالفقار علی کھرل نے صوبہ بھر کے سوشل سکیورٹی ہسپتالوں اور دیگر طبی مراکز کو خصوصی ہدایات جاری کر دی ہیں۔ کمشنر سوشل سکیورٹی نے ہدایت کی ہے کہ حالیہ ہیٹ ویو کے دوران مریضوں کو بروقت اور معیاری طبی سہولیات کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے۔

لاہور۔9جون (اے پی پی):ہیٹ ویو اور موسم گرما کے پیش نظر کمشنر پنجاب ایمپلائز سوشل سکیورٹی انسٹیٹیوشن ذوالفقار علی کھرل نے صوبہ بھر کے سوشل سکیورٹی ہسپتالوں اور دیگر طبی مراکز کو خصوصی ہدایات جاری کر دی ہیں۔ کمشنر سوشل سکیورٹی نے ہدایت کی ہے کہ حالیہ ہیٹ ویو کے دوران مریضوں کو بروقت اور معیاری طبی سہولیات کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے تمام سوشل سکیورٹی ہسپتالوں اور طبی مراکز کو ہیٹ ویو سے متاثرہ افراد کے لیے خصوصی انتظامات مکمل رکھنے کے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ہسپتالوں اور دیگر طبی مراکز میں ٹھنڈے پانی کی دستیابی اور سایہ دار جگہوں کا انتظام ہر صورت یقینی بنایا جائے۔

انہوں نے مزید ہدایت کی کہ ہسپتالوں اور دیگر طبی مراکز میں آنے والے ہیٹ ویو سے متاثرہ مریضوں کو فوری اور بروقت علاج کی سہولیات مہیا کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ایمرجنسی سروسز، ادویات، طبی عملے اور دیگر ضروری سہولیات کی ہر وقت دستیابی یقینی بنائی جائے تاکہ مریضوں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ کمشنر سوشل سکیورٹی نے یہ بھی ہدایت کی کہ مریضوں اور ان کے لواحقین کو ہیٹ ویو سے بچا کے حوالے سے آگاہی اور ضروری رہنمائی فراہم کی جائے۔ذوالفقار علی کھرل نے واضح کیا کہ ہیٹ ویو اور موسم گرما کے انتظامات میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔