کمپنیز ریگولیشنز 2024 کے ضابطہ 50 میں ترامیم کا مسودہ عوامی تبصرے کے لیے جاری

67
SECP

اسلام آباد۔15مارچ (اے پی پی):سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان نے کمپنیز ریگولیشنز 2024 کے ضابطہ 50 میں ترامیم کا مسودہ عوامی تبصرے کے لیے جاری کر دیا ہے۔ مجوزہ ترمیم کا مقصد کمپنیز ریٹرن کی جعلی فائلنگ کو روکنا، کمپنی کی انتظامیہ اور ڈائریکٹر شپ میں تبدیلیوں کی رپوٹنگ کی صداقت کو یقینی بنانا اور اس قسم کے انتظامی تنازعات کو کم کرنا ہے۔

ایس ای سی پی نے حال ہی میں کمپنی فائلنگ کے لیے صارف دوست آن لائن پورٹل eZfile، متعاورف کروائی ہے ۔ مجوزہ ترامیم کے مطابق، ان تمام کمپنیوں کے لئے انتظامیہ اور ڈائریکٹرز کی تبدیلی کے عمل کو صرف اور صرف ای زیڈ فائل کے ذریعے آن لائن ہی فائل کیا جا سکے گا۔ کمپنیوں کی طرف سے انتظامیہ میں تبدیلی کے لیے فزیکل ریٹرن کی سہولت ختم کر دی گئی ہے۔

صرف ان لائن فائلنگ سے، ڈائریکٹروں کی تبدیلی کا عمل شفاف ہو جائے گا اور اس سے متعلقہ تنازعات کافی حد تک ختم ہو جائیں گے۔ریگولیشن میں مجوزہ ترامیم کے ذریعے کسی بھی کمپنی کی انتظامیہ میں تبدیلیوں کی رپورٹنگ بشمول تقرری، انتخاب، استعفی، ریٹائرمنٹ، اور ڈائریکٹرز اور سی ای اوز کی برطرفی اور اسکی تصدیق کے لیے ایک جامع طریقہ کار کا تجویز کیا گیا ہے ۔

علاوہ ازیں کمپنیوں کے موجودہ ڈائریکٹرز یا سی ای اوز جو کمیشن کے ساتھ ایزی فائل کے ذریعے رجسٹرڈ نہیں ہیں انہیں اس نوٹیفکیشن کے اجرا کے تین ماہ کے اندر یا اپنے استعفی یا ریٹائرمنٹ سے پہلے ایزی فائل میں رجسٹر ہونا چاہیے۔ کمپنیز ریگولیشنز میں مجوزہ تجویز کردہ ترامیم کا نوٹیفکیشن کمیشن کی ویب سائٹ پر فراہم کر دیا گیا ہے۔ دلچسپی رکھنے والے افراد اور کمپنیاں اور دیگر اسٹیک ہولڈر مجوزہ ترامیم پر اپنی تجاویز و آرا سے کمیشن کو مطلع کر سکتے ہیں۔