کوئٹہ سے براہ راست حج پروازوں کا آغاز

کوئٹہ سے براہ راست حج پروازوں کا آغاز

اسلام آباد۔4جون (اے پی پی):کوئٹہ سے براہ راست حج پروازوں کا آغاز ہو گیا ہے۔پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ترجمان کی طرف سے اتوار کو جاری بیان کے مطابق پی کے 747 نے کیٹگری-II نئے رن وے پر گزشتہ رات پہلی نائٹ لینڈنگ کی جس کے بعد یہی پرواز 145عازمین حج کو لے کر براہراست مدینہ کے لئے روانہ ہوگئی۔

ترجمان نے کہا کہ ہوابازوں کا کہنا ہے کہ رات میں کوئٹہ ایئر پورٹ کے نئے کیٹ۔ٹو رن وے پر اترنا انتہائی خوشگوار تجربہ تھا۔ ترجمان نے کہا کہ اس سے پہلے پی کے 6133 اور 6137 تین سو عازمین حج کو لے کر مدینہ روانہ ہوئیں تھیں جبکہ اس سے قبل کوئٹہ سے عازمین حج کو پہلے کراچی کا سفر کرنا پڑتا تھا۔

حال ہی میں اپ گریڈڈ 12,000 فٹ لمبے رن وے کی بدولت براہ راست پروازیں ممکن ہوئی ہیں۔ نئے رن وے پر CAT-II جدید ایئر فیلڈ لائٹنگ سسٹم ہر قسم کے موسمی حالات میں آپریشنز کو یقینی بناتا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ نئے رن وے کی بدولت وائیڈ باڈی جہاز (بوئنگ 777 اور اس کے مساوی) اب کوئٹہ ائرپورٹ آسکتے ہیں۔