کوہستان لوئر، اسسٹنٹ کمشنر پٹن کی گورنمنٹ گرلز پرائمری سکول مالیدرہ جیجال میں کھلی کچہری کا انعقاد

100

پٹن۔ 20 فروری (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر کوہستان لوئر طارق محمود کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر ہیڈکوارٹر پٹن عبدالولی خان نے گورنمنٹ گرلز پرائمری سکول مالیدرہ جیجال میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا جس میں لوگوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر ضلعی افسران بھی موجود تھے۔ عوام نے باری باری اپنی شکایات اور مسائل سے آگاہ کیا۔ کچھ شکایات کا موقع پر ازالہ کیا گیا اور بعض شکایات کو حل کرنے کے لئے متعلقہ محکموں کو ریفر کر دیا گیا۔

اسسٹنٹ کمشنر ہیڈکوارٹر پٹن نے خصوصی طور پر متعلقہ محکموں کے سربراہان کو ہدایت جاری کی کہ ان مسائل کو قانون کے مطابق ترجیح بنیادوں پر حل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ان شکایات اور مسائل کے حوالے سے پراگریس ریویو اجلاس بھی منعقد کیا جائے گا جس میں ان شکایات کی تازہ ترین صورتحال کے بارے پوچھا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ کھلی کچہری کا مقصد عوام کے مسائل ان کے دہلیز پر حل کرنا ہے، یہ صوبائی حکومت کے عوامی ایجنڈا کی اولین ترجیح میں ہے۔