گزشتہ چار سالوں میں ٹیکس پیئرکی60 ہزار شکایات کا ازالہ کیا گیا، ڈاکٹر آصف محمود جاہ

لاہور۔15دسمبر (اے پی پی):ڈاکٹر آصف محمود جاہ نے کہا ہے کہ وفاقی ٹیکس محتسب کا چارج سنبھالتے ہی ٹیکس پیئر کو عزت دو کا نعرہ لگایا اور اس پر عملی طور پر عمل کر کے بھی دکھایا، گزشتہ چار سالہ دور میں 60 ہزار شکایات کا ازالہ کیا گیا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے روز لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں اپنے اعزاز میں دئیے گئے استقبالیہ …

لاہور۔15دسمبر (اے پی پی):ڈاکٹر آصف محمود جاہ نے کہا ہے کہ وفاقی ٹیکس محتسب کا چارج سنبھالتے ہی ٹیکس پیئر کو عزت دو کا نعرہ لگایا اور اس پر عملی طور پر عمل کر کے بھی دکھایا، گزشتہ چار سالہ دور میں 60 ہزار شکایات کا ازالہ کیا گیا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے روز لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں اپنے اعزاز میں دئیے گئے استقبالیہ اور ان کی تصنیف محتسب کی ڈائری کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

تقریب میں صدر لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری فہیم الرحمن سہگل، سابق صدر لاہور چیمبر کاشف انور، چیمبر کے عہدیداران، صنعتکاروں اور کاروباری برادری کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ڈاکٹر آصف محمود جاہ نے اپنی یادوں کو تازہ کرتے ہوئے کہا کہ انہیں لاہور سے خصوصی محبت ہے اور اپنی 29 سالہ سرکاری ملازمت میں سے 25 سال لاہور میں خدمات انجام دینے کا اعزاز حاصل رہا، جس کے باعث یہ شہر ان کی یادوں اور پیشہ ورانہ زندگی کا اہم حصہ بن چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ لاہور میں گزارا گیا وقت نہ صرف ان کے کیریئر بلکہ ان کی سوچ اور طرزِ عمل کی تشکیل میں بھی مددگار ثابت ہوا۔ انہوں نے کہاکہ وفاقی ٹیکس محتسب کا چارج سنبھالتے ہی ٹیکس پیئر کو عزت دو کا نعرہ لگایا اوراس پر عملی طور پر عمل کر کے بھی دکھایا۔ انہوں نے کہا کہ ان کا وژن تھا کہ ٹیکس دہندگان کو خوف اور پیچیدگیوں سے نکال کر سہولت، عزت اور انصاف پر مبنی نظام فراہم کیا جائے۔

اس مقصد کے لیے انہوں نے پورے ملک میں چھوٹے بڑے شہروں کے دورے کیے، چار سالہ مدت میں ہر ممکن جگہ پر جا کر آگاہی سیشنز منعقد کیے اور عوام الناس کو ان کے حقوق سے روشناس کرایا۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹیکس دہندگان کے مسائل سننے اور ان کے حل کے لیے عملی اقدامات کیے گئے، جس کے نتیجے میں لوگوں کے لیے نمایاں آسانیاں پیدا ہوئیں۔

ڈاکٹر آصف محمود جاہ نے اعداد و شمار کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ ان کے چار سالہ دور میں 60 ہزارسے زائد شکایات کا ازالہ کیا گیا، جن میں وہ کیسز بھی شامل تھے جو برسوں سے زیر التوا تھے۔ انہوں نے کہا کہ سالہا سال سے لٹکے ہوئے مقدمات کے فیصلے کیے گئے تاکہ ٹیکس دہندگان کو بروقت انصاف مل سکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ انہیں دورانِ سروس ستارہ امتیاز اور ہلال امتیاز جیسے اعلی قومی اعزازات سے نوازا گیا، جو ان کے لیے باعثِ فخر ہیں اور یہ اعزازات دراصل ادارہ جاتی اصلاحات اور عوامی خدمت کی سوچ کا اعتراف ہیں۔اپنے خطاب کے اختتام پر ڈاکٹر آصف محمود جاہ نے کہا کہ پاکستان ہم سب کا مشترکہ گھر ہے اور اس کی ترقی و خوشحالی کے لیے ہر فرد کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ ریٹائرمنٹ کے بعد بھی سماجی خدمات کا سفر جاری رہے گا اور وہ مختلف پلیٹ فارمز کے ذریعے عوامی خدمت اور اصلاحی کاموں میں اپنا حصہ ڈالتے رہیں گے۔ تقریب سے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر فہیم الرحمن سہگل، کاشف انور ودیگر نے بھی خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر آصف محمود جاہ کی خدمات کو سراہا۔