گوجرانوالہ صارفین کوسحر وافطار کے اوقات میں بلا تعطل بجلی فراہم کی جائے گی ،وفاقی وزیرتوانائی

گوجرانوالہ۔ 19 مارچ (اے پی پی):وزیر توانائی (پاور ڈویژن) انجینئر خرم دستگیر خا ن نے کہا ہے کہ رمضان المبارک کے بابرکت مہینہ میں صارفین کو سحر، افطار و تراویح کے اوقات میں بلا تعطل اور بہترین وولٹیج کے ساتھ بجلی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے تاکہ رمضان المبارک میں فرزندان اسلام کو عبادات کے دوران کسی بھی قسم کے خلل سے بچا یاجاسکے۔

یہ بات انھوں نے گیپکو ہیڈ کوارٹر میں قائم اپنے کیمپ آفس میں چیف ایگزیکٹو گیپکو انجینئر محمد ایوب کے ساتھ ایک میٹنگ کے دوران ہدایات دیتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر گیپکو چیف نے رمضان المبارک میں روزہ داروں کو بجلی کی مسلسل فراہمی کے حوالے سے کئے گئے اقدامات بارے تفصیلی بریفنگ دی اور بتایا کہ ماہ رمضان میں کسی بھی غیر متوقع بجلی کے بریک ڈاؤن سے نمٹنے کیلئے فیلڈافسران کو خصوصی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں، پورا رمضان سحری، افطاری اور تراویح کے اوقات میں مانیٹرنگ کیلئے میں اور میری ٹیم پی ڈی سی سنٹر میں موجود ہوں گے جبکہ اس دوران فیلڈ سٹاف بھی اپنے متعلقہ گرڈ اسٹیشنز پر موجود رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ تما م کمپلینٹ دفاتر میں اضافی ٹرانسفارمرز و دیگر ضروری سامان مہیا کر دیا گیا ہے جبکہ اس دوران ماہر سٹاف کی 24گھنٹے دستیابی کو بھی یقینی بنایا جائے گا تا کہ مبار ک مہینہ کے دوران اہل اسلام کو عبادات کی ادائیگی میں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ گیپکو چیف نے بتایا کہ گیپکو کے سینئر افسران کی سربراہی میں خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں جو ریجن بھر میں گیپکو کے ترسیلی نظام میں مزید بہتری کیلئے ٹرانسفارمرز کی اَپ گریڈیشن، ایچ ٹی ایل ٹی لائنوں کی دُرستگی اور زیادہ لوڈ والے فیڈرز کو منقسم کرنے کیلئے جاری تعمیراتی کاموں کی نگرانی کر رہی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ تمام فیلڈ افسران کو یہ بھی ہدایات کی گئی ہیں کہ وہ اپنے اپنے علاقہ میں ایل ٹی، ایچ ٹی لائئنوں، ٹرانسفارمرز وغیرہ کا ذاتی طور پر معائنہ کریں اور جہاں کہیں بھی مرمت کی ضرورت ہے اُسے فوری طور پر صحیح کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ گیپکو حسب وعدہ اپنے صارفین کو بجلی کی محفوظ، مسلسل اور بلا تعطل فراہمی کے لئے ہمہ وقت مصروف عمل ہے اور اس سلسلہ میں تمام فیلڈ دفاتر کو بھی خصوصی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔