گھوٹکی ٹرین حادثے میں جاں بحق افراد کی تعداد 42 ہو گئی،100 سے زائد افراد زخمی ہیں جبکہ مزید ہلاکتوں کا بھی خدشہ

اسلام آباد۔7جون (اے پی پی):گھوٹکی ٹرین حادثے میں جاں بحق افراد کی تعداد 42 ہو گئی، 100 سے زائد افراد زخمی ہیں جبکہ مزید ہلاکتوں کا بھی خدشہ ہے۔ پیر کو گھوٹکی میں ریتی اور اوباڑہ کے درمیان ملت ایکسپریس اور سرسید ایکسپریس ٹرینوں کے درمیان خوفناک تصادم ہوا، ملت ایکسپریس کی بوگیاں اتر کر دوسرے ٹریک پر جا گریں جس کی وجہ سے مخالف سمت سے آنے والی سرسید ایکسپریس بوگیوں سے ٹکرا گئی، ٹرینوں کے تصادم کے نتیجے میں 42 افراد جاں بحق جبکہ 100 سے زائد مسافر زخمی ہوئے اور ابھی مزید ہلاکتوں کا خدشہ بھی ہے۔

پاک فوج، رینجرز اور سول انتظامیہ نے ریسکیو آپریشن کرتے ہوئے بوگیوں میں پھنسے ہوئے مسافروں کو نکالا جبکہ زخمیوں کو قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا، ٹریک کی بحالی کیلئے امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ وزیراعطم عمران خان اور صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ٹرین حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کو بہترین طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی۔

وفاقی وزیر ریلوے اعظم خان سواتی نے جائے حادثہ کا دورہ کیا اور حادثے کی تحقیقات کا حکم دے دیا۔ ترجمان ریلوے کے مطابق ریلوے نے مسافروں کی سہولت کیلئے کراچی، سکھر، فیصل آباد اور راولپنڈی میں ہیلپ لائن سینٹر قائم کر دیئے، فیصل آباد ہیلپ سینٹر کا نمبر 041-9200488 ہے جبکہ راولپنڈی ہیلپ سینٹر کا نمبر 051-9270834، سکھر مسافروں کے رشتہ دار 071-9310087 پر رابطہ کریں۔