ہر شہری اگست میں قومی پرچم اور جھنڈیوں کے ساتھ پودے بھی لگائے ، اشفاق نذر

سیالکوٹ۔3اگست (اے پی پی):روز ہیومن رائٹس ویلفیئر آرگنائزیشن کے صدر قومی چیمپئن اشفاق نذر نے کہا ہے کہ ہمیں چاہیے کہ اگست میں قومی پرچم اور جھنڈیوں کے ساتھ پودے بھی خرید کر لگائیں تاکہ پاکستان سے سموگ،فضائی آلودگی اور گرمی کی شدت کا خاتمہ ہوسکے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جاری کردہ اپنے ایک بیان میں کیا۔انہوں نے کہاکہ صحت مندمعاشرے کی تشکیل کے لئے ہر شہری کی قومی ذمہ داری ہے کہ وہ مون سون میں زیادہ سے زیادہ درخت لگائے ۔

محمد اشفاق نذر نے کہا کہ درخت لگانا صدقہ جاریہ ہے ،درخت ہمیں زندگی اور آکسیجن دیتے ہیں اس لیے ہمیں چاہیے کہ درختوں کی نگہداشت کریں، پاکستان کو سرسبز و شاداب بنانے کیلئے پھل دار،پھول دار اور سایہ دار درخت لگانا ہوں گے، تعلیمی اداروں،سرکاری و غیر سرکاری اداروں،گلی،محلوں،بازاروں،گرین بیلٹس،پٹرول پمپس،جہاں جگہ اور موقع ملے وہاں درخت ضرور لگائیں تاکہ ہم اپنی آنے والی نسلوں کو ایک خوبصورت سرسبز اور صحت مند پاکستان دے سکیں۔

انہوں نے کہا کہ اگست کے مہینے کا تقاضا ہے کہ ہم وطن عزیز پاکستان کا نام ،عزت اور وقار عالمی سطح پر بلند کرنے میں کوئی کسر نہ چھوڑیں ۔