ہم ریاست اور اداروں کے ساتھ ہیں ،کوئی سازش کامیاب نہیں ہونے دیں گے ،چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد

99
Maulana Abdul Khabir Azad
Maulana Abdul Khabir Azad

ملتان۔ 21 نومبر (اے پی پی):نامور عالم دین اورچیئرمین مرکز ی رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیرآزادنے کہاہے کہ علماءکرام منبرومحراب کے ذریعے مذہبی ہم آہنگی ،رواداری ،تشدد سے پاک معاشرہ اورپیغام پاکستان کے فروغ کے لئے اپنا کرداراداکریں ،پیغام پاکستان نے دہشت گردی کی کمر توڑ دی ہے ،پیغام پاکستان کی کامیابی سے دشمن کے عزائم کونقصان پہنچاہے۔ان خیالات کااظہارانہوں نے ملتان میں پیغام امن کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیاجس میں ملک کے تمام مکاتب فکر کے جید علماءکرام موجود تھے ۔

مولانا عبدالخبیر نے کہاکہ وطن عزیز پاکستان اللہ تعالیٰ کی نعمت اور اسلام کا قلعہ ہے،ہم اللہ کا جتنا شکر ادا کریں وہ کم ہے، آج پاکستان کو جن چیلنجز کا سامنا ہے ہماری ذمہ داری ہے مل کر اس کا سامنا کریں،ہمارے سپہ سالار پاکستان نے پورے ملک کے علماءکرام سے بات کی کہ آئیں ہم مل کر درپیش چیلنجز سے نمٹیں، محراب نے ہمیشہ یکجہتی اور رواداری کے لئے کردار ادا کیا،پاکستان اس لئے نہیں بنا کہ جس کا دل چاہیے نفرت کا پرچار کرے،ہم پاک فوج کے ساتھ کھڑے ہیں،پیغام پاکستان وہ فتویٰ ہے جس نے دہشتگردی کی کمرکوتوڑا ہے۔اس فتوے میں ریاست کے ہوتے ہوئے مسلح جدوجہد کو شرعاً حرام قراردیا،شہر اولیا ءسے ہم پورے پاکستان کو اتحاد،وحدت اور قومی یکجہتی کا پیغام دے رہے ہیں ،ہم کسی ایسے ایجنڈے یا سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے جوپاکستان کے امن کوخراب کرے۔

چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی نے مزید کہاکہ یہ کون لوگ ہیں جو کبھی بلوچستان اور کبھی پشاور ہماری افواج پر حملہ کرتے ہیں؟یہ دشمن کے آلہ کار ہیں لیکن ہم دشمن کے ایجنڈے کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے،ہم ریاستی اداروں کے ساتھ ہیں جس ملک کی ریاست ادارے مضبوط ہوتے ہیں وہ ملک بھی مضبوط ہوتا ہے، شہر اولیا سے اس کانفرنس کا آغاز پیغام دینا ہے کہ ہم امن والے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ میں قومی یکجہتی میں کردار ادا کرنے پر میڈیا کو سلام پیش کرتا ہوں،آج یقیناً ہمیں اپنے وطن عزیز کوآگے لیکر چلنا ہے ،نبی پاک کا فرمان ہے تم میں سے بہترین انسان وہ ہے جس سے دوسرا انسان محفوظ ہو،آئیں ملکر وطن عزیز پاکستان کو آگے لیکر چلیں،ہم سمجھتے ہیں دہشتگردی انتہا پسندی کی اس ملک میں کوئی گنجائش نہیں،ہم دنیا کو بتانا چاہتے ہیں کہ ہم اکٹھے ہیں ممبر ومحراب سے سازشوں کو ناکام بنا ئیں گے ،

انہوں نے کہاکہ غزہ میں خون کی ہولی کھیلی جارہی ہے ،میں سمجھتا ہوں اس ظلم کو بند ہونا چاہیے،غزہ میں انسانی حقوق کی وہ پامالی کی گئی جو دنیا نے نہیں دیکھی،غزہ کے شہدا میں چالیس فیصد بچے ہیں،مسلم امہ عالمی برادری سے مطالبہ کررہی ہے کہ جنگ بند کروانے میں کردارادا کرے۔