یتیم بچوں کے سر پر دست شفقت رکھنا اہم ذمہ داری اورخدمت ہے ،شہباز شریف

اسلام آباد۔14اگست (اے پی پی):وزیراعظم شہباز شریف نے کہاہے کہ یتیم بچوں کے سر پر دست شفقت رکھنا اہم ذمہ داری اورخدمت ہے، حکومت سویٹ ہومز کےبچوں کی بہتری اور ترقی کے لئے مزید اقدامات اٹھائے گی، یتیم بچوں کی کفالت اور تعلیم وتربیت کا فریضہ اٹھاکرزمرد خان اور ان کے ساتھی ایک عظیم کام کررہے ہیں ۔وزیراعظم نے سویٹ ہومز کے بچوں کے لئے بسوں کا تحفہ دینے کا اعلان بھی کیا۔

اتوار کو وزیر اعظم نےیوم آزادی کی ڈائمنڈ جوبلی کے موقع پر پاکستان سویٹ ہومز کا دورہ کیا اور جش آزادی کے حوالے سے تقریب میں شرکت کی۔سویٹ ہومز کے بچوں کی جانب سے وزیر اعظم کی آمد پر ان کاپرتپاک خیرمقدم کیا گیا۔سویٹ ہومز کے خاکی وردی میں ملبوس بچوں نے مارچ پاسٹ کیا اور وزیر اعظم کو سلامی دی۔

اس موقع پر وزیراعظم کے ہمراہ وزیر اطلاعات ونشریات شہبازشریف سرپرست اعلیٰ پاکستان سویٹ ہومز زمردخان،وفاقی وزیر مرتضی جاوید عباسی،حنیف عباسی،انجم عقیل،چوہدری یاسین بھی موجود تھے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ آج پوری قوم یوم آزادی منارہی ہے اور یہ یوم آزادی کی 75 ویں سالگرہ ہے جو پاکستان سمیت دنیا بھر میں پاکستانی یہ دن منارہے ہیں،پاکستان سویٹ ہومز میں قوم کے پیارے بچوں سے مل کر بے حد خوشی ہورہی ہے،

یہ صدقہ جاریہ ہے، زمرد خان اور ان کے ساتھیوں نے یہ عظیم ذمہ داری سنبھالی ہے۔ایسے بچے جو والدین کے سایہ سے محروم ہیں ان کے سروں پر دست شفقت رکھنے والے دین ودنیا دونوں کمارہے ہیں،اس کااللہ انہیں اجر دے گا ،یہ ایک قومی خدمت کا فریضہ سرانجام دے رہے ہیں۔

سینکڑوں بے سہارا بچوں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کررہے ہیں،ان کے لئے مفت تعلیم،قیام وطعام کا اہتمام کیا گیا ہے۔ان کو جدیدعلوم سے آراستہ کررہے ہیں اس سے بڑی کوئی قومی خدمت نہیں ہوسکتی۔انہوں نے کہا کہ یہ بچے جن سے ان کے بارے میں ابھی دریافت کیا،ان کے والدین وفات پاچکے ہیں اور ان کے خاندان کے لئے کافی معاشی مشکلات ہیں،زمرد خان کو وہ اپنا پاپا جانی کہتے ہیں،یہ حقیقی معنوں میں ایک باپ اور استاد کا رول ادا کررہے ہیں اور ان کے سروں پر ہاتھ رکھ رہے ہیں ،اس سے بڑی کوئی انسانی خدمت نہیں ہوسکتی۔

انہوں نے زمرد خان کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ قرآن کریم میں یتیموں سے شفقت سے پیش آنے کا حکم ہے اوران کے مال میں ذرا بھی ملاوٹ نہ ہونے دینے کا حکم ہے،بچپن میں ان کے مال کی حفاظت اور بڑے ہونے پر ان کی یہ امانت ان کے حوالے کرنے کا حکم ہے۔انہوں نے کہا کہ قرآن کریم میں جگہ جگہ یتیموں کے بارے میں صلہ رحمی کا حکم آیا ہے۔

سویٹ ہومز میں اس کی عملی تصویر دیکھی ہے۔انہوں نے کہاکہ ان یتیم بچوں کے ساتھ یہ جشن آزادی منارہے ہیں جو ملک بھر سے ایک گلدستہ کی شکل میں یہاں موجود ہیں۔انہوں نے کہا کہ بچوں نے جشن آزادی کے حوالے سے جذباتی اورشاندار تقاریر کی ہیں ،اس پران کے اساتذہ کو بھی خراج تحسین اور سلام پیش کرتے ہیں۔جواساتذہ ان کو تعلیم دے رہے ،ان کی قابلیت اور محنت کی جھلک ان بچوں کی تقاریر میں نظر آئی۔اللہ پاک ان بچوں کو بہت عظیم پاکستانی بنائے، آپ پاکستان کے عظیم سپوت اور بیٹیاں ہیں۔انہوں نے زمرد خان کو دعوت دی کہ وہ بتائیں کہ حکومت ان کی کیا خدمت کرسکتی ہے ۔ان کی جائز ضروریات میں حکومت پاکستان ان کی پوری طرح ہاتھ بٹائے گی،ان بچوں کو بہترین سہولیات کی فراہمی کے لئے ہمہ وقت حاظر ہیں۔

زمرد خان کی جانب سے بچوں کے لئے ٹرانسپورٹ کا مسئلہ اٹھانے پر وزیراعظم نے سویٹ ہومز کے بچوں کے لئے بسوں کا تحفہ دینے کا اعلان کیا۔انہوں نے کہا کہ اس عظیم درسگاہ کو وسعت دینے کے لئے جو خدمت درکار ہوئی کریں گے۔وزیر اعظم نے اس موقع پر پاکستان اور قائد اعظم زندہ باد کےنعرے بھی لگوائے۔جس کا بچوں نے بھرپور جواب دیا۔انہوں نے اس موقع پربچوں کے ہمراہ جشن آزادی کا کیک کاٹا اور ان بچوں کو کیک بھی کھلایا۔وزیر اعظم بچوں کے ساتھ گھل مل گئے اور ان سے تبادلہ خیال بھی کیا۔