ورلڈ کپ، گرین شرٹس اپنے ساتویں میچ میں بدھ کوکیویز کے خلاف پنجہ آزما ہونگی

برمنگھم ۔ 25 جون (اے پی پی) پاکستان کی کرکٹ ٹیم بارہویں آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں اپنا ساتواں میچ کل بدھ کو نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلے گی۔ یہ میچ پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق 2 بجکر 30 منٹ پر برمنگھم میں شروع ہوگا۔ پاکستان ٹیم کے لئے اب میگا ایونٹ کا ہر میچ فائنل میچ کی حیثیت اختیار کر گیا ہے اور اب پاکستان کو ٹائٹل کے حصول کے لئے فائنل میچ سمیت ہر میچ جیتنا ضروری ہوگیا ہے۔ میچ میں شرکت کےلئے پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں برمنگھم پہنچ چکی ہے۔ انگلینڈ میں رواں ورلڈ کپ ٹورنامنٹ میں شریک ٹیموں کے درمیان عالمی ٹائٹل کے حصول کیلئے زبردست جنگ جاری ہے۔ کیویز ٹیم میگا ایونٹ میں اب تک ناقابل شکست ہے۔