سری لنکن ٹیم نیوزی لینڈ کے خلاف ہوم سیریز سے آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ مہم کا آغاز کرے گی

کولمبو ۔ 06جولائی (اے پی پی) سری لنکن ٹیم نیوزی لینڈ کے خلاف ہوم سیریز سے پہلی آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ مہم کا آغاز کرے گی۔ سری لنکا کرکٹ نے سیریز کے شیڈول کا اعلان کر دیا، شیڈول کے تحت سری لنکا اور نیوزی لینڈ کی ٹیموں کے درمیان اگست میں دو ٹیسٹ اور تین ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچوں کی سیریز کھیلی جائے گی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان پہلی آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کے حوالے سے پہلا ٹیسٹ میچ 14 سے 18 اگست تک گال جبکہ دوسرا اور آخری ٹیسٹ میچ 22 سے 26 اگست تک کولمبو میں کھیلا جائے گا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان ٹی ٹونٹی سیریز کا پہلا میچ 31 اگست، دوسرا میچ 2 ستمبر جبکہ تیسرا اور آخری میچ 6 ستمبر کو کھیلا جائے گا۔