یورو ٹی ٹونٹی سلام کرکٹ لیگ پلیئرز ڈرافٹنگ (کل) کو ہو گی

لندن ۔ 17 جولائی (اے پی پی) رواں سال شیڈول یورو ٹی ٹونٹی سلام کرکٹ لیگ پلیئرز ڈرافٹنگ کی تقریب (کل) جمعہ کو لندن میں منعقد ہو گی۔ پاکستانی کھلاڑی فخر زمان، سرفراز احمد، محمد عامر اور شاہین شاہ آفریدی بھی ڈرافٹ میں شامل ہیں۔ ایونٹ 30 اگست سے 22 ستمبر تک کھیلا جائے گا۔ یورو ٹی ٹونٹی سلام آرگنائزرز کے مطابق پلیئرز ڈرافٹنگ کی تقریب (کل) جمعہ کو لندن میں ہو گی۔ ڈرافٹنگ کیلئے 22 ممالک سے 700 کے قریب کھلاڑیوں نے رجسٹریشن کرائی ہوئی ہے۔ پاکستان کے فخر زمان، سرفراز احمد، محمد عامر اور شاہین شاہ آفریدی بھی فہرست میں شامل ہیں، تمام چھ فرنچائزز کم سے کم 5 اور زیادہ سے زیادہ 7 غیرملکی کھلاڑیوں کا چناﺅ کرنے کی اہل ہوں گی۔