پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے پاکستان پہنچ گئے

اسلام آباد ۔ 27 اگست (اے پی پی) پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے پاکستان پہنچ گئے۔ منگل کو اسلام آباد ائیر پورٹ پہنچنے پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے آج لائن آف کنٹرول کا دورہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے مظالم کے خلاف آواز اٹھاؤں گا اور بھارت کی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو دنیا میں اجاگرکروں گا۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ چارٹر کی خلاف ورزیوں، کشمیریوں کی نسل کشی کے خلاف آواز بنوں گا، کشمیریوں کی آواز بننے کیلئے لائن آف کنٹرول کا دورہ کر رہا ہوں۔ باکسرعامر خان نے پاک فوج اور ڈی جی آئی ایس پی آر سے تشکر کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ برطانیہ میں بیٹھ کر سب صرف ٹی وی پر دیکھا، مقبوضہ کشمیر میں بچوں کو قتل کیا جا رہا ہے، بچے سکول نہیں جا سکتے، انسانیت سوز مظالم ڈھائے جا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے مظالم کے خلاف آواز اٹھاؤں گا اور بھارت کی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو دنیا میں اجاگر کروں گا۔ واضح رہے کہ چند روز قبل عامر خان نے اپنے آفیشل ٹویٹر اکائونٹ کے ذریعے بھارت کے یک طرفہ اقدامات اور مقبوضہ کشمیر میں وحشیانہ بربریت پر لائن آف کنٹرول کا دورہ کرنے کا اعلان کیا تھا۔