قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کی پاکستان اور سری لنکا کے درمیان شروع ہونے والے ایک روزہ بین الاقومی میچوں کی سیریز سے قبل پریس کانفرنس

کراچی۔ 26 ستمبر (اے پی پی) پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ دنیائے کرکٹ پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی مکمل بحالی کے لئے اپنا کردار ادا کرے۔ انہوں نے پاکستان اور سری لنکن کرکٹ ٹیموں کے درمیان شروع ہونے والے تین ایک روزہ بین الاقومی میچوں کی سیریز سے قبل جمعرات کو یہاں نیشنل اسٹیڈیم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے بغیر ورلڈ کرکٹ ادھوری ہے، پاکستان میں جلد بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی کے لئے دنیائے کرکٹ پاکستان میں کرکٹ کو زیادہ سے زیادہ سپورٹ کرے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومت، پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور سیکورٹی اداروں نے پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی واپسی کے لئے بہت اہم کردار ادا کیا ہے جس کی وجہ سے گذشتہ دو سالوں سے پاکستان میں کرکٹ کھیلی جارہی ہے جس کو مدنظر رکھتے ہوئے کرکٹ سے وابستہ دیگر بورڈ کو بھی اپنا کردار ادا کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی کرکٹرز کا پاکستان میں آکر کرکٹ کھیلنے کا تجربہ بہت اچھا رہا ہے اور وہی باہر جاکر بتائیں گے کہ پاکستان میں سیکورٹی کتنی بہتر ہے۔ انہون نے کہا کہ پاکستان میں جو کرکٹرز بھی آئے ان کے لئے پاکستان آنا خوش قسمتی کا سبب بھی بنا۔ سرفراز احمد نے مثال دیتے ہوئے بتایا کہ ٹم پین ورلڈ الیون کے ساتھ پاکستان کرکٹ کھیلنے کے لئے آئے اور اب وہ آسٹریلین کرکٹ ٹیم کے کپتان ہیں۔ سرفراز احمد نے کہا کہ یہ کہنا بہت آسان ہوتا ہے کہ ٹیم 400 سے زائد رنز بنالے گی، اس کے لئے بہت محنت کرنی پڑتی ہے لیکن ہماری کوشش ہو گی، کے سری لنکا کے خلاف میچوں میں بڑا اسکور کریں۔ انہوں نے کہا کہ بڑا اسکور کرنے میں ابتدائی چار بیٹسمینوں کا کردار بہت اہم ہوتا ہے، پچھلے چند سال میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں نے بہت محنت کی ہے اور اپنی کرکٹ کو بہت بہتر کیا ہے، ٹیم بڑا اسکور کرنے کی پوزیشن میں ہے اور ہمیں امید ہے کہ ہم بڑا اسکور کر لیں گے۔