پاکستان اور سری لنکا کے درمیان تیسرا اور آخری ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میچ بدھ کو کھیلا جائے گا، میچ ڈے اینڈ نائٹ ہوگا

کراچی ۔ یکم اکتوبر (اے پی پی) پاکستان اور سری لنکا کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان تین ایک روزہ بین الاقوامی میچوں پر مشتمل سیریز کا تیسرا اور آخری میچ بدھ کو نیشنل کرکٹ سٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا۔ میچ سہ پہر 3 بجے شروع ہوگا، پاکستان کو آئی لینڈرز کے خلاف تین میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل ہے، پاکستان نے پہلے ون ڈے میچ میں سری لنکن ٹیم کو 67 رنز سے شکست دی تھی، دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا پہلا میچ بارش کی نذر ہوگیا تھا، پاکستان کرکٹ ٹیم کی قیادت سرفراز احمد کرینگے جبکہ مہمان سری لنکن ون ڈے ٹیم کی قیادت لاہیرو تھریمانے سرانجام دیں گے۔ سری لنکن مینز ٹیم 10 سال کے بعد کراچی میں موجود ہے ۔ مہمان ٹیم کیلئے سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں۔ ہوٹل میں کسی غیر متعلقہ آدمی کو ملنے کی اجازت نہیں ہے۔ دونوں ٹیموں نے سیریز میں کامیابی کے لئے بھرپور تیاری کر رکھی ہے، مہمان ٹیم کے کپتان کا کہنا ہے کہ انکی ٹیم تیسرے میچ میں کامیابی حاصل کر کے تین میچوں کی سیریز کا اختتام برابری پر کرنا چاہتے ہیں تاہم انہوں نے اپنی ٹیم کو خبردار کیا ہے کہ اس مقصد کے حصول کے لئے تیسرے میچ میں سرتوڑ محنت کرنا ہوگی۔ ادھر پاکستان ٹیم کے قائد سرفراز احمد نے کہا ہے کہ مہمان ٹیم کے خلاف دوسرے میچ میں کامیابی کے بعد ٹیم کے حوصلے بلند ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تیسرے اور آخری میچ میں بھی آئی لینڈرز کو شکست دیکر تین میچوں کی سیریز 2-0 سے اپنے نام کریں گے۔ تیسرے اور آخری ون ڈے میچ میں ویسٹ انڈیز کے جول ولسن اور پاکستان کے علیم ڈار آن فیلڈ امپائر، برطانوی مائیکل گف تھرڈ امپائر اور پاکستان کے آصف یعقوب فورتھ امپائر ہوں گے جبکہ آسٹریلوی ڈیوڈ بون میچ ریفری کے فرائض سرانجام دینگے۔ دونوں ٹیموں کے مابین اب تک کھیلے گئے ون ڈے میچز میں گرین شرٹس کو برتری حاصل ہے۔ سری لنکا کے خلاف سیریز میں نئے ہیڈ کوچ اور بائولنگ کوچ کا پہلا امتحان ہے۔ نیشنل سٹیڈیم کراچی کو پاکستان اور سری لنکا کے درمیان تیسرے اور آخری ون ڈے کی تیاریوں کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے پاکستان اور سری لنکا کے درمیان سیریز کیلئے ڈیوڈ بون کو میچ ریفری مقرر کیا ہوا ہے۔ دونوں ٹیموں کے کپتانوں نے سیریز میں کامیابی کیلئے بیانات دیئے ہیں، اس اعتبار سے توقع کی جارہی ہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان تیسرا اور آخری ون ڈے میچ کانٹے دار ہوگا اور شائقین کرکٹ کو اچھی کرکٹ دیکھنے کو ملے گی۔