واشنگٹن ۔ 30 اپریل (اے پی پی)امریکی محکمہ خارجہ نے کہا ہے کہ انسداد دہشت گردی کی کوششوں میں ایف16 طیارے بڑے مد گار ہیں اور خطہ میں امن واستحکام کے لیے سیکورٹی معاونت میں امریکا کا بھی کردار ہے۔ ہفتہ وار بریفنگ کے دوران امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان مارک ٹونر نے بتایا کہ تمام پاکستانیوں کے لیے خطرہ کا باعث بننے والے دہشت گردوں کے خلاف لڑائی کے لیے پاکستان کوشاں ہے اور ہمارے خیال میں ایف 16 لڑاکا طیارے پاکستان کی انسداد دہشت گردی کی کوششوں کا موزوں پلیٹ فارم ہے اور یہ دہشت گردوں کے خلاف بھر پور کارروائی میں معاون ہے۔ ترجمان نے کہا کہ ہمارے خیال میں کچھ نشیب وفراز آئے ہیں تاہم پاکستان اختلافات دور کرنے کے لیے وسیع تر بات چیت کررہا ہے اور ہم چاہتے ہیں کہ بات چیت کا یہ سلسلہ جاری ہے۔