اسلام آباد ۔ 25 مئی (اے پی پی) سٹیٹ بینک آف پاکستان کے اعدادوشمارکے مطابق رواں مالی سال میں یکم جولائی2015ءسے لے کر13مئی 2016ءتک نجی شعبہ کو جاری کئے گئے قرضوں کی شرح میں گذشتہ مالی سال کے مقابلہ میں75فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔ رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال میں13مئی 2016ءتک مختلف بینکوں اورمالیاتی اداروں کی جانب سے نجی شعبہ کو294.48 ارب روپے کے قرضے جاری کئے گئے ہیں جبکہ گذشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے دوران بینکوں اور مالیاتی اداروں نے نجی شعبہ کو168.4 ارب روپے کے قرضے جاری کئے تھے۔ اس طرح گذشتہ مالی سال کے مقابلہ میں رواں مالی سال کے دوران نجی شعبہ کو جاری کئے گئے قرضوں کی شرح میں75فیصد کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جس سے ملک میں صنعتی و تجارتی سرگرمیوں کے اضافہ کی عکاسی ہوتی ہے۔