APP82-17 D.I.KHAN: May 17 - Prime Minister Muhammad Nawaz Sharif addresses a public gathering. APP

وزیراعظم محمد نواز شریف کا ڈیرہ اسماعیل خان میں گیس کی فراہمی کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھنے کے موقع پر عوامی اجتماع سے خطاب
ڈیرہ اسماعیل خان ۔ 17 مئی (اے پی پی) وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ ہمارے مخالفین کے نصیب میں دھرنے ہیں، وہ دھرنے دیتے رہیں جبکہ ہم ملکی ترقی کا سفر جاری رکھیں گے، تبدیلی کے دعوے کرنے والے نیا خیبرپختونخوا تو بنا نہیں سکے نیا پاکستان کیا بنائیں گے، 2018ءکے انتخابات کے بعد خیبرپختونخوا بھی ان کے پاس نہیں رہے گا، پاکستان مسلم لیگ (ن) اور جمعیت علمائے اسلام مل کر نیا پاکستان بنائیں گے، میگا پراجیکٹس بالخصوص شاہرات کے منصوبے ملک کی تقدیر بدل دینگے، 2018ءمیں بجلی کی لوڈشیڈنگ ختم ہو جائے گی۔ وزیراعظم نے ڈیرہ اسماعیل خان میں زرعی یونیورسٹی کے قیام، 50کروڑ روپے کے ترقیاتی فنڈز، چشمہ رائٹ بینک کینال منصوبے کے لئے 120ارب روپے کے علاوہ ٹانک زام ڈیم کی فزیبلٹی سٹڈی کےلئے 8کروڑ روپے کا بھی اعلان کیا اور ڈیرہ اسماعیل خان ائرپورٹ سے اے ٹی آر جہازوں کی مقامی اور بین الاقوامی پروازوں کے لئے سول ایوی ایشن کو کام شروع کرنے کی ہدایت کی۔ وہ ڈیرہ اسماعیل خان میں گیس کی فراہمی کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھنے کے موقع پر عوامی اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔