APP55-17 ISLAMABAD: May 17 – Federal Minister for Information, Broadcasting and National Heritage Senator Pervaiz Rashid addressing a conference on “Global Refugee Crisis and its Ramifications for Global and National Security”. APP photo by Irshad Sheikh

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید کا پناہ گزینوں کے بحران اور اس کے عالمی و قومی سلامتی پر اثرات سے متعلق کانفرنس سے خطاب
اسلام آباد ۔ 17 مئی (اے پی پی) وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات و قومی ورثہ سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ پاک افغان سرحد کے نزدیک افغانستان میں امن زونز قائم کرنے چاہئیں تاکہ لوگ پاکستان ہجرت کرنے پر مجبور نہ ہوں، عالمی برادری، علاقائی ممالک اور بین الاقوامی اداروں کو افغانستان کی جنگ سے متاثرہ آبادی کیلئے اقتصادی مواقع، سکلز اور ترقی کیلئے مدد دینی چاہئے۔ انہوں نے یہ بات منگل کو یہاں ساﺅتھ ایشیئن سٹریٹجک سٹیبلٹی انسٹی ٹیوٹ (ساسی) یونیورسٹی کے زیر اہتمام پناہ گزینوں کے بحران اور اس کے عالمی و قومی سلامتی پر اثرات سے متعلق دو روزہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کیلئے بنیادی ترجیح افغان پناہ گزینوں کی جلد واپسی اور افغان معاشرہ میں ان کی دوبارہ آباد کاری ہے جس کیلئے ہمیں حکومت افغانستان، اقوام متحدہ کے ہائی کمیشن برائے پناہ گزین اور دیگر متعلقہ اداروں کے ساتھ قریبی طور پر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان نے پناہ گزینوں کی رضاکارانہ واپسی کے ترجیحی آپشن کے طور پر عارضی تحفظ کی پالیسی اختیار کی تاہم ان کی جامع واپسی کا مقصد ابھی تک پورا نہیں ہوا، پاکستان نے نیک جذبہ کے ساتھ تین عشروں سے زائد عرصہ تک اپنی سرزمین پر پناہ گزینوں کو امن کے ساتھ رہنے کی اجازت دیتے ہوئے عالمی ذمہ داریاں نبھائیں۔